10 August 2017 - 22:21
News ID: 429416
فونت
ثروت اعجاز قادری :
سنی تحریک پاکستان کے سربراہ نے کہا : نواز شریف مظلوم بننے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے نوزائیدہ حکومت کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں ۔
ثروت اعجاز قادری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے مرکزی رہنما شاداب رضا نقشبندی سے ٹیلی فون  پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں پر عوام کو لاکر ن لیگ نظریہ ضرورت کو زندہ کرنا چاہتی ہے، کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہو رہی ہے، اتحاد سے ناکام بنانا ہوگا، رینجرز و پولیس کی امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کی کاوشوں پر کسی کو پانی نہیں پھیرنے دینگے، تاجر، سول سوسائٹی کو آگے بڑھ کر امن کے دشمنوں کیخلاف کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان سنی تحریک مثبت کردار ادا کرتی رہے گی، ملکی سیاست بداخلاقی کا شکار ہو چکی ہے، قوم بد زبانی اور بداخلاقی کی سیاست سے بیزار ہے، الزام اور انتقام کا کھیل بند ہونا چاہئے، سیاست دان محاذ آرائی چھوڑ کر ملکی سلامتی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سازشوں کی زد میں ہے قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی صورتحال پیدا نہ کی جائے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک آئین کی بالادستی سے ہی ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھے گا، قائداعظم کے پاکستان کو کسی صورت کمزور ہونے نہیں دینگے، جشن آزادی کو شایان شان منانے کیلئے کارکنان گلی محلوں کو سب ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجائیں، یوم آزادی کے موقع پر اکابرین پاکستان کے کارہائے نمایاں اجاگر کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف مظلوم بننے اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے نوزائیدہ حکومت کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں، قیام پاکستان کے مقاصد کو اُجاگر کرنا اور وفائے پاکستان کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان کہ ریاستی عملداری قانون کی حکمرانی کی طرف گامزن ہے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا، اس موقف کا خیر مقدم کرتے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬