01 April 2018 - 19:46
News ID: 435460
فونت
اشرف آصف جلالی :
تحریک لبیک یا رسول اللہ(ص) کے مرکزی چئیرمین نے کہا کہ علیؑ کا بیان زبان رسالت(ص) کا امت کیلئے خوبصورت تحفہ ہے ۔
اشرف آصف جلالی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک لبیک یا رسول اللہ(ص) کے زیراہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں داماد رسول حضرت علی المرتضیٰ (ع) کے یوم ولادت کے سلسلہ میں ’’شان علیؑ المرتضیٰ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔

اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ(ص) کے مرکزی چئیرمین اشرف آصف جلالی نے کہا فضائل علیؑ کا بیان زبان رسالت(ص) کا امت کیلئے خوبصورت تحفہ ہے، حضرت علی المرتضیؑ حق کی کھلی کتاب اور آفتاب تھے، آپ کی محبت، ایمان اور آپ سے بغض، منافقت ہے، آپ کی تلوار سے دور دور تک اسلام کی دھاک بیٹھ گئی۔

انہوں نے بیان کیا کہ آغوش نبوت میں تربیت پانے کی وجہ سے آپ منفرد مقام کے حامل ہیں، آپ تاجدار ولایت اور مرکز روحانیت قرار پائے، نظام مصطفی(ص) اور خلافت راشدہ کے لحاظ سے آپ نے بے مثال خدمات سرانجام دیں، آپ کی سیرت اور بصیرت گلشن انسانیت کی بہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپؑ نے ذات رسول اللہ(ص) کے آداب کو امتِ مصطفیٰ(ص) میں رائج کرنے میں سنہری کردار ادا کیا، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعے سے آپ نے غلبہ اسلام کیلئے جھنڈے گاڑے، آپؑ کی ذات حکمرانوں کیلئے درسگاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔

کانفرنس میں صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی، مولانا محمد طاہر نواز قادری، علامہ محمد صدیق مصحفی، علامہ محمد رضائے المصطفیٰ رازی، مولانا فیاض قادری، مولانا محمد زاہد قادری، مولانا خالد محمود جلالی اور دیگر موجود تھے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬