16 April 2018 - 21:47
News ID: 435586
فونت
اعجاز ہاشمی:
جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے شامی عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں، بدقسمتی ہے کہ پوری دنیا میں بدامنی اور قتل و غارت گری صرف مسلمان ممالک میں ہی ہے ۔
پیر اعجاز احمد ہاشمی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے شام پر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی طرف سے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک نے باہمی اختلافات ختم نہ کئے تو گاجر مولیوں کی طرح کٹتے رہیں گے، اقوام متحدہ اور عالمی ادارے شامی عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں، بدقسمتی ہے کہ پوری دنیا میں بدامنی اور قتل و غارت گری صرف مسلمان ممالک میں ہی ہے ۔

انہوں نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ امریکہ اور دیگر عالمی طاقتیں شامی عوام کے حال پر رحم کرتے ہوئے باہمی جنگ اپنی سرزمین پر لڑیں، شام سے نکل جائیں اور عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیں، دوسرے ممالک میں مداخلت اور حکومتیں تبدیل کرنے کی پالیسیوں نے عالمی امن تباہ کر دیا ہے، جس کا نقصان ان ممالک کو نہیں بلکہ عام لوگوں کو ہوا ہے، اس لئے متحارب ممالک سے ہماری اپیل ہوگی کہ وہ شام کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے اپنی سرزمین استعمال کریں، مسلم ممالک کو تختہ مشق نہ بنائیں۔

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ دہشتگردی کوئی بھی کرے، انسانیت کیخلاف جرم ہے، سب اس بات پر متفق ہیں کہ عالمی دہشتگردی کو ختم ہونا چاہئے، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جس طریقے سے روس کو سمارٹ میزائلوں کا سامنا کرنے کی دھمکیاں دی ہیں اور روس نے جوابی کارروائی کے بیانات دیئے ہیں، یہ عالمی امن کیلئے تباہ کن ہوگا، کیونکہ دونوں کا ہدف شام ہی ہے، اس طرف توجہ نہ دی گئی تو دنیا تباہی کا شکار ہو جائے گی، جس کا کوئی مداوا نہیں ہو سکے گا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬