06 October 2015 - 13:10
News ID: 8522
فونت
حجت الاسلام ناصرعباس جعفری :
رسا نیوز ایجنسی ـ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : غبیت کبری میں ولایت فقیہ باب ولایت معصومین (ع) ہے۔ غیبت کبریٰ میں غالب آنے کیلئے نظام ولایت فقیہ کے پرچم تلے آنا ہوگا۔ جو بھی حزب نظام ولایت فقیہ سے منسلک نہیں ہوگی، وہ حزب شیطان ہوگی۔
حجت الاسلام و المسلمين راجہ ناصر عباس جعفري


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام ناصرعباس جعفری امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سالانہ مرکزی  ولایت نور ہدایت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے جوانوں نے قومی ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھایا ہوا ہے، اگر یہ نوجوان نہ ہوتے تو پاکستان میں ولایت کا صراط مستقیم گم ہو جاتا۔

انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا : قرآن مجید میں اللہ تعالٰی فرماتا ہے کہ صرف اور صرف اللہ کی جماعت غالب آنے والی ہے۔ اللہ کی جماعت بننے کیلئے اللہ، رسول (ص) اور آئمہ طاہرین (ع) کے پرچم تلے جانا ہوگا۔ سلسلہ ولایت سے منسلک ہوئے بغیر اللہ کی جماعت نہیں بن سکتے اور کبھی غالب نہیں آسکتے۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : غبیت کبری میں ولایت فقیہ باب ولایت معصومین (ع) ہے۔ غیبت کبریٰ میں غالب آنے کیلئے نظام ولایت فقیہ کے پرچم تلے آنا ہوگا۔ جو بھی حزب نظام ولایت فقیہ سے منسلک نہیں ہوگی، وہ حزب شیطان ہوگی۔

انہوں نے تاکید کی : آئی ایس او ایسا شجرہ طیبہ ہے، کہ جس کا تعلق نظام ولایت کے ساتھ ہے۔ انتہائی نشیب و فراز آنے کے باوجود آئی ایس او نے نظام ولایت فقیہ کے صراط مستقیم سے انحراف نہیں کیا۔ آئی ایس او کے جوانوں نے اس ولایت کے راستے کو زندہ رکھا، اور راستے میں آنے والی کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا۔ ان نوجوانوں کی راہ میں بڑی بڑی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ یہاں تک کہ ان کے مقابلے میں جماعتیں بنائی گئیں، تاہم ان نوجوانوں نے ولایت فقیہ سے وفا کی۔

ناصرعباس جعفری نے کہا : آئی ایس او انبیاء (ع)، معصومین (ع) سے وفا کرنے والی جماعت ہے۔ آئی ایس او نے صراط مستقیم پر چلتے ہوئے قربانیاں دی ہیں۔ یہی وہ جوان ہیں، جنہوں نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی سے، شہید قائد حجت الاسلام عارف حسین الحسینی کے لہو سے وفا کی ہے۔ ان کی فکر کو زندہ رکھا ہے۔

انہوں نے بیان کیا : آئی ایس او نے شہیدوں کے راستے کو اپنایا ہے۔ شہید قائد اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی سرزمین پاکستان پر صراط مستقیم کے علمبردار تھے۔ انہوں نے اپنے خون سے اس راستے کو سرخ کیا ہے۔ دنیا کا ہر رنگ مٹ جاتا ہے، تاہم شہیدوں کا سرخ لہو نہیں مٹ سکتا۔ یہ کارواں یونہی چلتا رہے گا۔ نوجوان اپنی بصیرت میں اضافہ کریں۔ عصر حاضر میں حق و باطل کے درمیان معرکے کے اہم ترین موڑ پر کھڑے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : منٰی کا واقعہ، یمن کی جنگ، شام ، ایران، عراق، افغانستان، ہر جگہ ہونے والا ٹکراؤ اسی حق و باطل کے معرکے سے تعلق رکھتا ہے، اور اللہ تعالٰی کا وعدہ ہے کہ آخری فتح مظلوموں کی ہے، انہی کی فتح ہے جو نظام ولایت سے منسلک ہیں۔

حجت الاسلام ناصرعباس جعفری نے بیان کیا : شہید قائد اس دنیا سے رخصت ہوئے، ان کے پاس کوئی دنیاوی مال و متاع نہیں تھا، کیونکہ ولایت کا راستہ دنیا پرستوں کا راستہ ہی نہیں ہے۔ آئی ایس او ولایت کے اسی راستے کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬