‫‫کیٹیگری‬ :
06 August 2017 - 12:34
News ID: 429349
فونت
شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی ۲۹ ویں برسی کے موقع پر ایران کے شہر قم اور دارالحکومت تہران میں میں بھی اسی مناسبت سے تعزیتی پروگرام منعقد ہوئے۔
شہید علامہ عارف حسین الحسینی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 29 ویں برسی کے موقع پر جہاں پاکستان میں ان کی برسی سے متعلق مختلف قسم کے پروگرام، سیمیناراور کانفرنس منعقد ہو رہی ہے وہیں ایران کے شہر قم اور دارالحکومت تہران میں میں بھی اسی مناسبت سے تعزیتی پروگرام منعقد ہوئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں کل رات عظمت حسینی کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس سے ایران کے سابق وزیر خارجہ منوچہرمتکی، مجلس وحدت مسلمین کے خارجہ امور کے سیکریٹری علامہ شفقت شیرازی، دینی مدرسہ ماوا کے ڈائریکٹر علامہ حسنین گردیزی، بحرین کے شیعہ مسلمانوں کے رہنما اور سید راشد عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی گرانبھا خدمات پر روشنی ڈالی۔

ایران کے سابق وزیر خارجہ منوچہر متکی نے اپنے خطاب میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی کو پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کا داعی قراردیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت کی وجہ سے آج پاکستان میں ہونے والی سازشوں کے باوجود مسلمان متحد ہیں اور وہ امریکہ کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کوئی عام انسان نہیں تھے ان میں استکبار کے سامنے ڈٹ جانے کی ہمت تھی اور انہوں نے اپنے کردار اور عمل سے استکباری قوتوں کو شکست دی۔

مجلس وحدت مسلمین کے امور خارجہ کے سیکریٹری علامہ شفقت شیرازی نے اس موقع پر کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی پاکستانی عوام خاص طور سے نوجوانوں کے ہردلعزیز رہنما تھے اور لوگ آپ کی آواز پر لبیک کہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق جیسے ڈکٹیر کے سامنے آپ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ڈٹ گئے اور استکباری طاقتوں کودکھا دیا کہ کیسے حق پر ڈٹا جا سکتاہے۔

دینی مدرسہ ماوا کے ڈائریکٹرعلامہ حسنین گردیزی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند کہ اب شہید علامہ عارف حسین الحسینی ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن آپ کے افکار ونظریات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور پاکستان کے عوام آپ کے مشن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔

شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے قریبی ساتھی راشد عباس نقوی نے اس موقع پر کہا کہ علامہ عارف حسین الحسینی حضرت امام خمینی(رح) کے روحانی فرزند تھے اورآپ امام خمینی کے سچے عاشقوں میں سے تھے۔ آپ نے ایران کے اسلامی انقلاب اور حقیقی اسلام کو پاکستان میں روشناس کرانے کیلئے دن رات کوشش کی اور آخری دم تک اسی کام میں مشغول رہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ عارف حسین الحسینی کی جاں گداز شہادت پر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے فرمایا تھا کہ میں اپنے فرزند سے محروم ہو گیا ہوں۔

واضح رہے کہ عالمی استکبار سے وابستہ عناصر نے  پشاور میں5 اگست 1988 کو جمعہ کے روز فجر کی نماز کے وقت پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کے ہر دلعزیز قائد علامہ عارف حسین الحسینی کو شہید کردیا۔

شہیدعلامہ عارف حسین الحسینی کی 29 ویں برسی کی مناسبت سے آج پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مہدی برحق (عج) کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں شیعہ اور سنی علماء اور مذھبی جماعتوں کے رہنماوں سمیت پورے پاکستان سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬