رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی نے آئی ٹی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر جی بی اسمبلی محمد علی شیخ کی وفات پر مرحوم کے لواحقین اور پسماندگان کے نام تعزیتی پیغام جاری کر دیا۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ محمد علی شیخ مرحوم ایک سنجیدہ، فعال کارکن اور عوام دوست شخصیت تھے، جنہوں نے خطے کی ترقی اور امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین نقوی کا کہنا تھا کہ مرحوم ایک دیندار شخصیت، متواضع، ملنسار، اپنی جماعت سے انتہائی مخلص اور دینی اور ملی امور میں پیش پیش رہتے تھے۔ جرات و بہادری سے اپنا قومی موقف بیان کرنا اور اس پر بلاخوف و خطر ڈٹ جانا مرحوم کی خصوصیت تھی۔ ان کی ملّی خدمات قابل تحسین ہیں۔
علی شیخ مرحوم نے اپنے والد مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قوم و ملت کیلئے بے تکان خدمات سرانجام دیں۔ ان کی خدمات کو کبھی فرمواش نہیں کیا جاسکتا اور انہی خدمات کی بدولت قوم و ملت کو حاصل ہونے والی عزت و وقار قوم کیلئے سرمایہ افتخار ثابت ہوگا۔ ان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنماوں نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ محمد علی شیخ کی ناگہانی وفات سے علاقے کی سیاست میں ناقابل تلافی خلا پیدا ہوگیا۔
ضلع نگر کی تعمیر و ترقی کیلئے محمد علی شیخ کی انتھک محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔ مرحوم کے پسماندگان سے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ خداوند تعالٰی انہیں اپنی رحمت کے سائے میں رکھے۔
ایم ڈبلیو ایم جی بی کے رہنماء آغا علی رضوی، علامہ نیئر عباس مصطفوی، غلام عباس، محمد الیاس صدیقی، عارف حسین قنبری، ڈاکٹر علی گوہر، حاجی رضوان علی ممبر جی بی ایل اے، بی بی سلیمہ اور سائرہ ابراہیم کوارڈینیٹر شعبہ خواتین نے محمد علی شیخ کی اچانک فوتگی پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ محمد علی شیخ ایک سنجیدہ اور دیندار سیاست دان تھے، جو سیاست کو عبادت سمجھ کر اس میدان میں وارد ہوئے تھے۔
انہوں نے حقوق سے محروم غریب طبقات کی نمائندگی کرتے ہوئے ضلع نگر کی تعمیر و ترقی میں نہایت ہی قلیل عرصے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
وہ اپنی نرم دلی اور جاذب شخصیت کی وجہ سے پورے علاقے کے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے تھے، ان کی اچانک جدائی نے پوری ملت کو غم زدہ کردیا ہے۔
خدا وند عالم مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰