‫‫کیٹیگری‬ :
21 March 2017 - 09:56
News ID: 427018
فونت
حجت الاسلام عارف حسین واحدی :
علما کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا : اہل بیت اطہار، صحابہ کرام، ازواج مطہرات کی توہین اسلام کے ساتھ خیانت اور حرام ہے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علما کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے امت کی صفوں میں اتحاد و وحدت برقراررکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل بیت اطہار، صحابہ کرام، ازواج مطہرات، اور اولیاء کرام کا سب مسالک احترام کرتے ہیں ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : مقدس شخصیات اسلام کے ستون ہیں ان کی توہین کرنا اسلام کے ساتھ خیانت کے زمرے میں آتا ہے تمام عالم اسلام کے علما کرام خصوصاً علماء تشیع کا اس پر اجماع ہے کہ ان مقدس شخصیات کی توہین شرعاً حرام ہے ۔اگر کہیں بعض نیم خواندہ شر پسند لوگ اس طرح کی حرکت کریں تو اس کو کسی مسلک کا عقیدہ نہ سمجھا جائے۔

اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ولی امرالمسلمین حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای بھی اپنے فتوے میں واضح کرچکے ہیں کہ ازواج مطہرات پیغمبر کی توہین خود رسول اللہ کی توہین کے مترادف ہے ، جبکہ اہل سنت کے شعار کی توہین حرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد کا امت مسلمہ کی قدر مشترک اور درد مشترک کا نعرہ مد نظر رکھا جائے ۔

شیعہ علما کونسل کے سیکرٹری جنرل نے واضح کیا کہ تمام اسلامی مکاتب فکر عقیدہ توحید، انبیا و رسل پر ایمان، ختم نبوت ، اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام سے محبت پر سب متحد ہیں۔ قرآن مجید آئین زندگی بشر ہے، سب کا مشترکہ عقیدہ ہے کہ قرآن آخری آسمانی کتاب ہے اورہر قسم کی تحریف سے مبرا ہے ، اللہ تعالی کا قرآن میں اعلان ہے کہ ہم نے یہ کتاب نازل کی اورہم ہی اس کے محافظ ہیں تو اگر کوئی تحریف کا عقیدہ رکھتا ہے تو یہ صریح طور پر قرآن سے ٹکراو ہے۔

انہوں نے زور دیاکہ چھوٹی چھوٹی کدورتوں کو ایک طرف رکھ کر امت مسلمہ دشمنان اسلام کے مقابلے میں مسلمان متحد ہوجائےں اسی میں اسلام کی بقا اور سربلندی ہے۔

اتحاد بین المسلمین کی اہمیت، عالمی سطح پر امت مسلمہ کے خلاف سامراجی سازشوں،شدت پسندی، تکفیریت،مصنوعی فرقہ واریت کو ہوا دینے اور امت کی صفوںمیں دراڑیں ڈالنے کی سازشوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض داخلی اور خارجی قوتیں ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے لئے ایک سازش کے تحت مختلف مسالک اور مکاتب فکر کو آپس میں لڑانے کے درپے تھیں، جس کو تمام مکاتب فکر کی قیادت اور جید علماء کرام نے ناکام بنایا۔

اس حوالے سے سابق امیر جماعت اسلامی مرحوم قاضی حسین احمد، جمعیت علما پاکستان کے سابق صدر مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم ، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجدعلی نقوی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگرنے بھر پور کردار ادا کر کے اس گھناونی ناپاک سازش کو ہمیشہ کے لئے دفن کرکے اسلامی مشترکات قوم کے سامنے ضابطہ اخلاق کی شکل میں پیش کئے ، ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل تشکیل دے کر دشمنوں کی سازشوں کا راستہ روک دیا ۔

حجت الاسلام عارف واحدی نے کہا کہ دشمنوں نے ایک اور سازش کے تحت ہمیں اہل بیت اطہار علیہم السلام اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کی تو عظیم مفکر علامہ اقبال نے امت کو متوجہ کیا کہ اے گرفتار ابو بکر و علی ہوشیار باش۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬