مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام مبارک علی موسوی نے کہا ہے کہ میانمار حکومت کیخلاف او آئی سی کیساتھ ساتھ مسلم ممالک بھی انفرادی طور پر سخت درعمل دکھائیں، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ناقابل برداشت ہے، روہنگیا کے مسلمانوں کا ساتھ دینا اور ان کے حقوق کیلئے آواز اُٹھانا مسلم اُمہ پر فرض ہے، ہمیں تعجب ہے وہ 39 یا 34 ملکی اسلامی افواج کہاں ہیں؟ کیا برمی مسلمانوں کا دفاع اسلام اور اُمت مسلمہ کا دفاع نہیں، ایام حج میں خطبہ حج میں امام کعبہ کا برمی، یمنی، فلسطینی، عراقی، شامی، افغانی، کشمیری، مسلمانوں پر ظلم کرنے والوں کیخلاف آواز نہ اُٹھانا افسوسناک ہے، برما کی طرح یمن میں بھی بھوکے پیاسے بچوں خواتین کو وحشیانہ بمباری کیساتھ قتل عام جاری ہے، مسلم امہ روز محشر سے ڈریں اور بغیر کسی مصلحت پسندی کے ہر ظالم خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو کیخلاف اور ہر مظلوم خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو کی حمایت میں آواز بلند کرکے اپنا ایمانی و شرعی فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان شاءاللہ جمعتہ المبارک کو سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر کی طرح پنجاب کے تمام اضلاع میں مظلوم برمی و یمنی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھر پور مظاہرے کرینگے، ہر مظلوم کی بلاتفریق مذہب و ملت حمایت اور ہر ظالم سے نفرت و اظہار بیزاری ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے دن مظلومین جہاں کی حمایت کیلئے گھروں سے نکلیں اور اپنا دینی و شرعی فریضے کو ادا کریں۔ اجلاس میں لاہور کے ضلعی و صوبائی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہدائے برما، یمن، فلسطین، کشمیر، عراق، شام کے درجات کی بلندی اور مظلومین جہاں کی فتح نصرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰