رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ عزاداری سید الشہدا ہماری شناخت ہے، اسے ہر قسمی قربانی دے کے جاری رکھیں گے، حکمران ناروا پابندیوں سے باز آ جائیں، ہم نے آمریتوں کا مقابلہ پہلے بھی کیا ہے اور آئندہ بھی گریز نہیں کریں گے۔
مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس و جلوس ہائے عزا پر مختلف پابندیوں کی خبر نشر کرانا آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابیوں کو ماند کرنے کے مترادف ہے، آئینی، بنیادی اور شہری حقوق کی صریحاً نفی تشویشناک اور ناقابل قبول ہے، یہ عوام میں اشتعال پید اکرنے اور اسے تصادم کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے، عزاداری سید الشہداءؑ ہماری شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے، عوام اس سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف پاکستان میں مکمل امن کیلئے ضرب عضب کے بعد ردالفساد آپریشن شروع کیا گیا اور بڑی کامیابیاں بھی حاصل کی گئیں، لیکن اب محرم الحرام میں مختلف افواہوں اور حیلے بہانوں کی آڑ میں شہری آزادیوں ، آئینی و بنیادی حقوق پر قدغن لگانے کے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں جو آپریشن ضرب عضب، ردالفساد کی کامیابیوں کی صریحاً نفی اور دوسری جانب آئین، قانون اور جمہوری معاشروں کی بھی صریحاً نفی اور ناقابل قبول ہے۔
حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے شہری، آئینی و بنیادی حقوق کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، عزاداری سید الشہداءؑ بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے، اس سے متصادم کوئی اقدام بگاڑ کو ہوا دینے کے مترادف ہے، عوام اپنے شہری اور بنیادی حقوق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ ملک میں امن وامان کے قیام اور ملکی استحکام کیلئے کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں اپنی خدمات جاری رکھیں گے البتہ ہم مطالبہ کرتے ہیں ایام مقدسہ میں عزاداری سید الشہدا کے سلسلے میں ہونیوالی مجالس، جلوس ہائے عزا اور دیگر پروگرام کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/