‫‫کیٹیگری‬ :
19 May 2016 - 14:42
News ID: 422287
فونت
ڈاکٹر حسن روحانی:
اسلامی جھوریہ ایران کے صدر مملکت اور کروشیا کی صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو بڑھائے جانے کی تاکید کی ۔
ڈاکٹر حسن روحانی اور کولینڈا گربارکیتاروویچ



رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جھوریہ ایران کے صدر مملکت حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر حسن روحانی نے کروشیا کی صدر کولینڈا گربارکیتاروویچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں علاقائی اورعالمی سطح پراپنے تعاون کی تقویت خاص طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی سے مقابلے اور دوطرفہ تعاون پر تاکید کی ہے ۔


انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ کروشیا خطہ بالقان میں ایران کا دوست ملک ہے کہا: سابق یوگسلاویہ سے آزادی کے بعد ایران نے فورا ہی کروشیا کو تسلیم کیا اور اسی وقت سے دونوں ملکوں کے تعلقات دوستانہ ہیں ۔


ڈاکٹر روحانی نے مذید کہا: کروشیا کے ایران کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی اشتراکات ہیں اور اس کی جغرافیائی پوزیشن بھی بہت ہی اہم ہے اس لئے یہ ملک یورپی یونین کے ساتھ ایران کے تعلقات کا دروازہ ثابت ہوسکتا ہے ۔


گربارکیتاروویچ نے بھی اس پریس کانفرنس میں اپنے دورہ تہران کو دونوں ملکوں کے تعلقات خاص طور پر اقتصادی تعلقات کی برقراری اور توسیع میں ایک سنگ میل قراردیا اور کہا: کروشیا یورپی یونین کے ساتھ ایران کے تعلقات کی توسیع کی بھرپور حمایت کرتا ہے نیز کروشیا ، یورپی یونین کے لئے ایران کی انرجی کی منتقلی کے لئے بہترین راستہ ثابت ہوسکتا ہے ۔


انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں دونوں ملکوں کے تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا : اسلامی جمہوریہ ایران کی علاقے میں کلیدی حیثت ہے اورکروشیا ، یورپی یونین کے ایک رکن کی حیثیت سے علاقے میں کشیدگی کم کرنے کے تعلق سے ایران کے اقدامات کی حمایت کرتاہے ۔


دوسری جانب ایران اور کروشیا کے اعلی سطحی وفود نے اپنے مشترکہ مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران اور کروشیا کے دوطرفہ تعلقات کوفروغ دینے کےلئے تعاون کے کئی سمجھوتوں اور مفاہمتی نوٹس پر دستخط کئے ہیں۔


ایران اور کروشیا کے درمیان مفاہمتی نوٹس اور باہمی تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط بدھ کو تہران میں ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی اور کروشیا کی صدر کولینڈا گربار کیتاروویچ کی شرکت سے دونوں ملکوں کے اعلی رتبہ وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد ہوئے ۔


اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور کروشیا کے اعلی رتبہ وفود کے مشترکہ مذاکرات میں دوطرفہ علاقائی اور عالمی سطح کے تعاون اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کےلئےایران اور کروشیا کے مضبوط عزم وارادے کا ذکرکرتے ہوئے کہا : اس سلسلے میں دونوں ملکوں میں پائی جانے والی توانائیوں اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔


انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو دوستانہ قراردیا اور کہا: کروشیا ، بالقان کا علاقہ اور جنوب مشرقی یورپ کے ممالک اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں اور کروشیا کی صدر کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان نئے تعلقات کی برقراری کی سمت آگے بڑھنے کا ایک اچھا آغاز ہے-


ڈاکٹر روحانی نے دوطرفہ علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی تعاون اور تعلقات کومستحکم بنانے کےلئے ایک دوسرے کی توانائیوں اور مواقع سے استفادے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا : ایران اور کروشیا دنیا کو تشدد اورانتہا پسندی سے پاک بنانے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اچھا تعاون کرسکتےہیں ۔

 

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں کے تعاون اورسرگرمیوں کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا : آج دہشت گردی دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے، دہشت گردی کو وجود میں لانے والے اقتصادی اور ثقافتی عوامل اور اس کے حامیوں کا پتہ لگاکر اسے پھیلنے سے روکنے کی ضرورت ہے ۔


کروشیا کی صدر کولینڈا گربار کیتاروویچ نے بھی ان مشترکہ مذاکرات میں مختلف میدانوں منجملہ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں ایران کے ساتھ کرویشیا کے تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا : اسلامی جمہوریہ ایران یورپی یونین میں کروشیا کو ایک اچھے اور بہترین دوست کے طورپر دیکھ سکتا ہے ۔


انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقے میں امن و استحکام کی برقراری میں ایران کے موثر کردار کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مہم میں دونوں ملکوں کے تعاون پر زوردیا۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬