رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دار الحکومت تہران کے امام جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اس ھفتہ نماز جمعہ کے خطبوں میں جو سیکڑوں نماز گزاروں کی شرکت میں تہران یونیورسٹی میں منعقد ہوا کہا:
انہوں نے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی بھرپور اور تاریخی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا : عالمی یوم القدس کا اہتمام، سامراج اور صیہونی دشمن کی اسلام دشمنی کے خلاف ایک بڑا قدم ہے ۔
تہران کے امام جمعہ نے امت مسلمہ کو امت واحدہ قرار دیتے ہوئے کہا : دنیا بھر کے مسلمان اس وقت تک چین و سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سرزمین فلسطین، صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد نہیں ہوجاتی ۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سرزمین فلسطین پر صیہونی حکومت کا تقریبا ستر برسوں سے غاصبانہ قبضہ جاری ہے کہا : مغربی ممالک خاص طور پر امریکا نے مسئلہ فلسطین سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کے لئے داعش کے ہاتھوں بحران پیدا کیا لیکن مغربی ممالک اس بات سے غافل ہیں کہ امت اسلامیہ ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ مسئلہ فلسطین فراموش کر دیا جائے ۔
آیت اللہ خاتمی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ فلسطین بدستور ایک اسلامی اور بین الاقوامی مسئلہ ہے اور کبھی بھی ایک عربی مسئلے میں تبدیل نہیں ہوگا کہا : اسی لئے عالمی یوم القدس کی ریلیاں ہر سال پہلے کے مقابلے میں اور زیادہ وسیع اور شاندار طریقے سے نکالی جاتی ہیں ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ امریکا ایک ایسے وقت انسانی حقوق کی حمایت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعوی کررہا ہے جب وہ دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی ہے اور وہ سرزمین فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کرتا، استنبول بم دھماکوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا : ان حملوں کی جڑیں ترک حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروہ داعش کی حمایت میں پیوست ہیں ۔
تہران کے امام جمعہ نے مزید کہا: اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا داعش کے حامی ملکوں کو خبردار کیا تھا کہ داعش کے جرائم کا دائرہ ان کی سرحدوں کے اندر تک بھی پھیل جائے گا ۔
انہوں نے ایرانی شہریوں کو اس سال حج کی سعادت سے محروم کرنے کے سعودی حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا : آل سعود، حرمین شریفین اور حج کا انتظام چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی اس لئے حج کا انتظام اس سے واپس لے لیا جانا چاہئے ۔
آیت اللہ خاتمی نے بحرینی عوام کے خلاف، آل خلیفہ حکومت کے مظالم اوراس ملک کے علماء کی شہریت منسوخ کئے جانے پر مبنی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا : آل خلیفہ حکومت کی بساط جلد ہی لپٹ جائے گی کیونکہ یہ وعدہ الہی ہے کہ ظلم ہمیشہ باقی نہیں رہتا ۔