
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے ایک بار پھر ملک کے ممتاز شیعہ رہنما اور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں منامہ میں دھرنا دیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق دھرنا دینے والے بحرینی عوام نے مغرب اور عشا کی نماز شیخ عیسی قاسم کے گھر کے قریب اور قریبی چوراهوں میں باجماعت ادا کی۔
دھرنا دینے والوں نے اس علاقے میں مسلسل چھیاسٹھویں روز دھرنا دے رکھا ہے، اس بات پر زور دیا کہ وہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور شیعوں کے دفاع کے لیے اپنی تحریک اور استقامت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر مظاہرین نے علما کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اور تشدد آمیز اقدامات کی بھی مذمت کی۔
مظاہرین نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور جیلوں سے سیاسی قیدیوں اور علما کی رہائی پر زور دیا۔
واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت نے جون دو ہزار سولہ میں بحرین کے ممتاز عالم دین شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی تھی جس پر اس ملک کے عوام اور دنیا نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ کے خلاف پرامن احتجاجی تحریک جاری ہے۔ بحرین کے عوام اپنے لیے مساوی حقوق، ملک میں عدل و انصاف اور ایک عوامی جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔