
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سنی تحریک نے شاعر مشرق، مصورِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے ۱۳۹ ویں یوم ولادت کے موقع پر ان کی انقلاب انگیز فکری و ملّی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم اقبالؒ کو ملک گیر ’’یوم بیداری ملت‘‘ کے طور پر منایا۔
جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں فکر اقبالؒ کانفرنسز اور علامہ اقبالؒ کا فلسفہ خودی کے عنوان سے سیمینارز منعقد کیے گئے۔
اس موقع پر مختلف مقامات پر ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال کی سوچ و فکر و نظریات نے امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں، علامہ اقبال نے اُمت کو اتحاد اور خودی کا پیغام دیا۔
انوہں نے کہا : اقبالؒ کے اشعار پڑھنے اور مائیک گرانے والی قیادت فکر اقبالؒ کو اپنے کردار میں ڈھالے، آئیڈیالوجی اور ہیروز کو متنازعہ بنانے والی قومیں زیرو ہو جاتی ہیں، مصور پاکستان علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کا حکومتی فلسفہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
حکمرانوں کی طرف سے قومی دنوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، زندہ قومیں اپنے ہیروز کے دن عقیدت و احترام سے مناتی ہیں مگر عاقبت نااندیش حکمران نسل نو کے ذہنوں سے فکرِاقبال کے نقوش مٹانے کے درپے ہیں، فکر اقبال اپنانے اور پھیلانے کی ضروت ہے، فکر اقبال کو فروغ دے کر داعش جیسی انتہا پسند تنظیموں کا خاتمہ ممکن ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/