رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی سے متصلہ پارولوم شہر بھیونڈی میں واقع جمعیۃ علماء بھیونڈی کے زیر اہتمام قومی یکجہتی و تحفظ آئین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کے قومی سربراہ مولانا سید ارشد مدنی نے فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو ملک سے مٹانے کی براداران وطن اور مسلمانوں کو عہد کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ہر جگہ فرقہ پرست طاقتیں اس قدر سر گر م ہوگئی ہیں کہ معاشرے میں تفرقہ پیدا کرنا اور بدامنی پھیلانا ان کا مقصد ہوگیا ہے۔ کوئی بھی مذہب قتل و غارتگری کی اجازت نہیں دیتا ہمیں اپنی ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو بر قرار رکھنا ہے اس کے لئے برادران وطن کو آگے بڑھ کر مسلمانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہئے۔ سیکولر ہندوستان میں فرقہ پرست طاقتیں اس ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مکدر کر نے کی کوششوں میں مشغول ہیں ۔
مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ تمام مذاہب نے امن وامان سے زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا ہے۔ اسلام نے تو قتل و غارتگری سے منع فرما کر ظالموں پر لعنت ملامت بھی کی ہے لیکن آج یہاں انسانیت کو مٹانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں اور فرقہ پرستی اور قوموں کے بیچ تفرقہ پھیلانے کے شرپسندوں کے ناپاک عزائم زور و شور سے شروع ہیں ایسے میں سیکولر ذہنیت اور برادران وطن کواخوت ، محبت اور بھائی چارگی کا مظاہرہ کر نا چاہئے۔
انہوں نے دہشت گردی کے مقدمات کی مقررہ مدت میں سماعت مکمل کئے جانے کا مطالبہ کیا اور مہاراشٹر کے مالیگاؤں شہر میں ہوئے بم دھماکوں کے الزامات کے تحت گرفتار کئے گئے بھگوا جماعتوں کے ملزمین کی حکومت کی جانب سے سر پرستی کئے جانے کی سخت لفظوں میں مذمت کی اور کہا کہ ان عناصر کی رہائی سے ملک بھر میں بد امنی پھیلے گی اور دہشت گردانہ واقعات عمل میں آئیں گے ۔/۹۸۸/ ن۹۴۰