رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کے روز پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ اور عشرہ فجر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح نے اقتصادی آزادی کے میدان میں اپنے زمانے کے جوانوں میں اس بات کا جذبہ پیدا کیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آزادانہ طور پر سرگرم عمل رہیں یہی وجہ ہے کہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایسی حالت میں جبکہ ایران کے خلاف پابندیاں لگی ہوئی تھیں، ایران نے میزائل ٹیکنالوجی حاصل کی اور آج اس اعتبار سے ایران علاقے کی بڑی طاقت ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس وقت دہشت گردی کے خلاف مہم میں بھی اہم اور بڑی طاقت کی حثیت سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایک اور خبر یہ ہے کہ صدر مملکت کے قانونی امور میں سیکریٹری مجید انصاری نے امام خمینی رح کی ایران آمد کی اڑتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کہا ہے کہ امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ایسی حالت میں ایرانی قوم کے خلاف کوئی اقدام عمل میں لا رہے ہیں کہ اقوام عالم نے ان کے منطق سے عاری ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کی تاریخی وطن واپسی کے دن اورعشرہ فجر کے آغاز کی مناسبت سے آج بارہ بہمن کو سارے ایران میں جشن کا سماں ہے۔
عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز آج منگل کی صبح اس تاریخی لمحے سے ہوا کہ جس لمحے، بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) ایران کی سرزمین پر تشریف لائے۔
ایئرپورٹ سے بہشت زہرا قبرستان کے راستے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے حرم مطہر کے احاطے میں ہوا۔
ان تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد، شہدا کے اہل خانہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔
دریں اثنا ایران کے تمام اسکولوں میں اسلامی انقلاب کی گھنٹی بھی بجائی گئی اور طالب علموں نے امام خمینی (رح) اور انقلاب کے بارے میں اشعار پڑھ کر بانی انقلاب اسلامی، ایران اور شہدا کی امنگوں کو عملی جامہ پہنانے کے بارے میں تجدید عہد کیا۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) اڑتیس سال قبل پندرہ سال جلاوطنی کی زندگی گذارنے کے بعد یکم فروری سنہ انیس سو اناسی کو ایران واپس تشریف لائے جہاں لاکھوں ایرانی عوام نے آپ کا فقیدالمثال اور عظیم الشان تاریخی استقبال کیا۔ ایران میں آپ کی اس تاریخی آمد کے ساتھ ہی گیارہ فروری سنہ انیس سو اناسی کو انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار ہوگیا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰