رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے پنجاب ہاوس اسلام آباد ملاقات کی۔
ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی، مرکزسیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری جنرل پنجاب حجت الاسلام مبارک موسوی، سیکرٹری جنرل خیبر پختونخوا حجت الاسلام اقبال بہشتی شامل تھے۔
ملاقات میں موجودہ ملکی صورت حال اور خصوصاََ ملت جعفریہ کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
حجت الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں بےگناہ لوگوں کو ملک بھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، شیعہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء اور پڑھے لکھے پرامن نوجوانان گذشتہ کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں، ان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے،
حجت الاسلام و المسلمین جعفری نے پاراچنار اور پنجاب میں دہشتگردی کی تازہ لہر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے محب وطن عوام نے ہمیشہ ملک و قوم کے لئے قربانیاں دی ہیں، افسوس ہے کہ اس محب وطن قوم کو الٹا ہراساں کیا جا رہا ہے، پاراچنار، ہنگو، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بلوچستان خصوصاََ تفتان بارڈر پر زائرین کو درپیش مشکلات سے بھی وفاقی وزیرداخلہ کو آگاہ کیا گیا،
وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے تمام مسائل پر جلد پیش رفت کی یقین دہانی کی۔ /۹۸۹/ف۹۴۰