رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ افضل حیدری پنجاب، سندھ، اندرون بلوچستان اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مدارس کا دورہ مکمل کرکے واپس لاہور پہنچ گئے۔
انہوں نے مدارس دینیہ کے دورے کے پہلے مرحلے میں نظام تعلیم کی کارکردگی، ضروریات، مدرسین، طلبا و طالبات اور ملازمین کی تعداد کا جائزہ لیا اور قومی مذہبی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے سے واپسی پر جامعتہ المنتظر لاہور میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات کے فروغ میں مدارس کا کردار کلیدی ہے، جو معاشرے کی دینی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں، مدارس کی اہمیت سے کوئی اسلامی معاشرہ انکار نہیں کر سکتا، جن ممالک میں دینی تعلیم نہیں وہاں اسلامی اقدار سکھانے حتیٰ کہ نکاح، جنازہ، نماز پڑھانے، قرآن مجید کی تعلیم دینے اور تفسیر سمجھانے والے میسر نہیں۔
علامہ افضل حیدری نے کہا کہ وفاق المدارس الشیعہ سے ملحقہ مدارس دینیہ کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ درسگاہوں کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا جائے، دفاتر میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی تصاویر لگائی جائیں۔ طلبا و طالبات میں پاکستانیت بارے میں معلومات اور قومی پروگراموں کو بھی اہمیت دی جائے اور ممکنہ حد تک تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 246 ،سندھ کے 110، اندرون بلوچستان اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مدارس کا دورہ مکمل کر لیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں ایک ہفتے بعد کوئٹہ، پشاور، ہنگو، کوہاٹ، اورکزئی ایجنسی، آزاد کشمیر اور دیگر اضلاع کے دورے کئے جائیں گے، جبکہ اپریل میں گلگت بلتستان اور پاراچنار کے دورہ جات تیسرے مرحلے میں کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس الشیعہ کی مجلس اعلیٰ کے آئندہ اجلاس میں مسائل اور تجاویز رکھی جائیں گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰