رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ادارہ حج و زیارات کے قائم مقام سربراہ حمید محمدی نے تہران میں ایک پریس کانفرنس میں حج کے حوالے سے ایران اور سعودی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بیان کیا : آئندہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے ایرانی زائرین کے لئے الیکٹرانک ویزے جاری کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا : مذاکرات سازگار ماحول میں منعقد کئے گئے، ایرانی وفد نے اپنے مطالبات پیش کردئے جس کے بعد دونوں حکام کے درمیان مختلف معاملات پر مفاہمت طے پاگئی۔
حمید محمدی نے بیان کیا : سعودی حکام کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت ایرانی عازمین حج کے لئے الیکٹرانک ویزے جاری کئے جائیں گے۔
ایرانی زائرین کو سیکورٹی کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے بتایا : سعودی حکام نے ایرانی زائرین کے لئے سیکورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے اور طے پایا کہ بھیڑ اور رش کے موقع زائرین کے لئے مخصوص راستے معین کئے جائیں گے۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا : سعودی حکام کے ساتھ ہونے والی مفاہمت کے بعد دوسرے مرحلے میں ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام، ہلال احمر کمیٹی کے حج امور کے سربراہ، ادارہ حج و زیارات کے شعبہ آئی ٹی کے حکام، رہائش اور خوراک شعبے سے متعلق حکام پر مشتمل ایرانی وفد کو سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا : ایرانی زائرین کو مکمل عزت، وقار اور سیکورٹی کی یقین دہانی پر حج پر بھیجنا ریاست کی پہلی ترجیح ہے جس کو سعودی حکام نے پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے نتیجے میں آئندہ حج کے لئے 86 ہزار ایرانی زائرین کو بھیجنے کے لئے راہ ہموارہ ہوگئی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ایک ایرانی حج مذاکراتی وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور حکام کے ساتھ تین دور کے مذاکرات منعقد کئے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/