رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اہل بیت اطہار علیھم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں قرآن مجید کی تلاوت و تفسیر اور قرآنی احکامات کی نشرواشاعت کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن انسٹی ٹیوٹ نے نا صرف عراق کے تمام شہروں میں اپنی شاخیں کھولی ہیں بلکہ ملک سے باہر بھی اس مشن کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلہ کی ایک کَڑی کے طور پر قرآن انسٹی ٹیوٹ نے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قائم شاخ کی طرف سے قرآنی تعلیمات اور تلاوت قرآن کے قواعد و ضوابط پر مشتمل ایک کورس کروایا گیا کہ جس میں بچوں نوجوانوں اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ابتدائی تقریب میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ضیاء الدین زبیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قرآنی کورس کو کروانے کا مقصد مومنین اور خاص طور پر نئی نسل کو قرآنی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کرنا اور انہیں قرآن مجید کی تلاوت کے صحیح قواعد و ضوابط سکھانا ہے۔
اس کورس کے اختتام پہ شرکاء میں اعزازی سندیں اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے اور قرآن انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے برطانیہ میں اس طرح کے کورسز اور قرآنی محافل کے مسلسل انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/