رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مختار امامی نے کہا ہے کہ 6اگست اسلام آباد میں شہید قائد عارف حسینی کی برسی ملک دشمن قوتوں کے خلاف محب وطن طاقتوں کا عظیم الشان مظاہرہ ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد نے اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کو اپنی زندگی کا مشن بنا رکھا تھا۔ شہید قائد نے جنرل ضیا جیسے ڈکٹیٹر کو بھی اپنے عزم اور اصولی موقف کے راہ کی رکاوٹ نہیں بننے دیا۔ وہ باطل قوتوں کے سامنے جرات و استقامت کا پہاڑ بنے رہے۔ شہید قائد کی 29ویں برسی پر ہم نے اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ان کے مشن کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت لاتعداد داخلی و خارجی بحرانوں کی لپٹ میں ہے۔پانامہ کیس پر عدالت عظمی کے منصفانہ فیصلے نے قوم کو اعصاب شکن کیفیت سے نجات دلائی ۔ شہید قائد کی برسی میں کرپٹ عناصر کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعلان ہو گا۔
انہوں نے بیان کیا : اس ملک کو لٹیروں کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔دہشت گردی ،کرپشن ،مہنگائی، نا انصافی اور بدامنی سے نجات حاصل کرنے کے لیے پوری قوم کو ان طاقتوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے جو بیرونی ڈکٹیشن پر چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا : امریکہ اور آل سعود کی وطن عزیز کے معاملات میں مداخلت پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ حکمرانوں کی منافقانہ پالیسیوں نے پوری قوم کو وقار کو تباہ کر رکھا ہے۔پاکستان کی سالمیت و بقا اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ان بیرونی آقاؤں سے نجات حاصل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی میں قائدین کی طرف سے ایسے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا جس کا راستہ ہماری اس منزل کی طرف جاتا ہے جس کا لیے قائد و اقبال نے جدوجہد کی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/