رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہا ہے، جس کے شواہد پوری دنیا کے سامنے آچکے ہیں۔
انہوں نے بیان کیا : امریکا کا بھارت سے نرم رویہ اور دہشتگردی پر آنکھیں بند کرنا تشویشناک عمل ہے، امریکی صدر ٹرمپ پاکستان پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کے الزام لگانے سے قبل اپنے ملک پر نظر ڈالتے، تو اس قسم کا بیان کبھی نہیں دیتے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، پوری دنیا پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ کا اعتراف کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کے الزام پر مبنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ انتہاپسندانہ ایجنڈے پر گامزن ہیں، جس سے خطے میں نفرتیں جنم لیں گی، حقائق سامنے آچکے ہیں کہ سانحہ 9/11 میں پینٹاگون ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا جنوبی ایشیاء میں اثرورسوخ ختم ہو رہا ہے، اس لئے امریکی صدر پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں، افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی سوالیہ نشان ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارتی را، اسرائیلی موساد اور امریکی بلیک واٹر خطے میں دہشتگردوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ افغان و پاکستان پالیسیوں پر حقائق کی روشنی میں فیصلہ کریں، پاکستان کو نظر انداز کرنے یا الزامات سے دہشتگردی کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حکومت کے منفی بیانات سے نفرتیں جنم اور دہشتگردوں کو پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا، پاک فوج کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ خطے میں دہشتگردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے، امریکا منفی پالیسیوں اور الزام تراشی کی بجائے حقائق کو تسلیم کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 65 ہزار سے زائد شہریوں، پاک فوج کے جوانوں، پولیس، رینجرز نے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، مستحکم پاکستان خطے کا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں امن چاہتے ہیں، انتہاپسندی اور دہشتگردی کا پوری دنیا کو یکجہتی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔/۹۸۸/ن۹۴۰/