رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکریٹری جنرل حجت الاسلام سید مبارک علی موسوی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں عزاداری سید الشہداءؑمیں بیجارکاوٹوں ، بانیاں مجالس کو حراساں کرنے اور خواتین بانیان مجالس کے خلاف مقدمات کے اندراج کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداری میں رکاوٹیں اہل بیت ؑ سے دشمنی کا ثبوت ہیں، آئین پاکستان اورشہری حقوق ہمیں عزاداری کرنے کا بھرپور حق دیتے ہیں، پنجاب کے متعصب حکمران ہم سے ہمارا یہ جائز حق نہیں چھین سکتے، چودہ سو برس سے جاری یہ مجالس اور جلوس نا پہلے کے یزید روک سکے اور نا آج کے یزید میں یہ صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ ن لیگ محرم الحرام میں عزاداروں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی، ان کا گھرانہ عزاداری کا احترام کرتا ہے، اہل بیت ؑ سے محبت ان کے والد نے انہیں سکھائی ، یہ تمام دعوے محرم کے آغاز میں ہی دھرے کے دھرنے رہ گئے اور مریم نواز صاحبہ کی جماعت اہل بیت ؑ کےذکر کے خلاف تمام حدود کو پار کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کسی خام خیالی میں نا رہے عزاداری سید الشہداءؑ ہماری شہہ رگ حیات ہے ہم ایک انچ بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/