رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھاکہ رول آف لاء ہمارا ماٹو اور ملک میں امن قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے البتہ ہم عزاداری سید الشہداء کے سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے ۔
ہم آزاد ملک میں آزاد شہری کی طرح عزاداری منانا چاہتے ہیں اور یہ ہماراآئینی ، جمہوری ، بنیادی حق اور شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے جس کیلئے کوئی بھی قربانی دینا پڑی تو تیار ہیں، طرح طرح کے بہانے بنا کر جلوس و مجالس عزاء میں رکاوٹیں کھڑی کر نے سے باز رہیں ، پنجاب میں عزاداروں کو جگہ جگہ پریشان کیاگیا جلد وائٹ پیپر جاری کریں گے ۔
انہوں نے جلوس عاشور میں شرکت کے موقع پر راولپنڈی فوارہ چوک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر حجت الاسلام عارف حسین واحدی، سکندر عباس گیلانی، سید محمد علی کاظمی، سید نصیر موسوی، مولانا فرحت عباس جوادی اور مولانا فیاض مطہری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے جس طرح محرم الحرام کے سلسلے میں مختلف پروگرامز کے ذریعے کوریج دی گئی اس پر ہم تمام صحافی برادری، میڈیا ہاؤسز انتظامیہ کے مشکور ہیں ، پوری دنیا میں سید الشہدا حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ان کو اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجالس، جلوس یا دیگر طریقے سے شہدائے کربلا کی یاد منانا ہر شہری کا حق ہے لیکن افسوس عزاداری کے سلسلے میں آج جس طرح طریقہ کار اپنایا گیا اور اسے محدود کرنے کی کوشش کے سلسلے میں قناتیں لگائی گئیں اور کنٹینرز کھڑے کئے گئے وہ قابل قبول نہیں، کئی مقامات پر مجالس عزا کے انعقاد پر دھمکیاں دی جاتی رہیں اور پرچے درج کئے گئے جوکہ انتہائی تشویشناک ہے ۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ریاست کا کام تو عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے نہ کہ ان کے بنیادی حقوق سلب کرلینا ؟، ہم نظم و نسق کے نہ صرف قائل ہیں بلکہ رول آف لاء ہمارا ماٹو ہے اور بطور ایک ذمہ دار کی حیثیت سے ملک میں امن وامان کے قیام کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ واضح کردیں کہ عزاداری سید الشہدا شہری آزادیوں کے ساتھ آئینی ، جمہوری اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ کھلی زیادتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام آزاد ملک میں آزاد شہری کی طرح عزاداری سید الشہداء منانا چاہتے ہیں جس کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہیں عوام نے پہلے بھی قربانیاں دیں اب بھی آمادہ ہیں ، ہم نے ہر موقع پر ملکی مفا د کو مقدم جانا کیونکہ یہ ہمارا وطن ہے ، مذہبی سطح سے سیاسی سطح تک ہم اپنا مقام رکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی اپنا کردار جاری رکھیں گے، ملی یکجہتی کونسل سے لے کر متحدہ مجلس عمل تک اورانتخابی عمل سے لے کر گلگت بلتستان میں حکومت و اپوزیشن تک ہمارا کردار بہت واضح ہے ۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں بھائی چارے کی فضا قائم ہے جس کے قیام کے سلسلے میں ہم نے بھر پور کردار ادا کیا ہم پاکستان میں اتحاد امہ کے بانیان میں سے ہیں ہم شہری و بنیادی حقوق کی بات کرتے ہیں اور ملک کے تمام مکاتب و مسالک و مذاہب کی شہری آزادیوں کے قائل ہیں ۔ جس طرح پنجاب میں عزاداروں کے ساتھ سلوک کیا گیا وہ افسوس ناک ہے جس کے خلاف جلد وائٹ پیپر جاری کرینگے ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/