رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل حجت الاسلام مقصودعلی ڈومکی نے رانی پور نیشنل پریس کلب میں ضلعی رہنما ضمیر حسین، بیگ علی جعفری اور پرویز احمد خاکی کے ہمراہ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سید ناصر عباس شیرازی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حجت الاسلام مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی صوبائی حکومت انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے، صوبائی دارالحکومت میں سید ناصر عباس شیرازی کی اغوا نما گرفتاری ، لاقانونیت کی انتہا ہے۔ پوری قوم کو اس اغوا نما گرفتاری پر شدید تشویش ہے۔
رانا ثناء اللہ اور پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائیاں افسوس ناک ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے لے کر سید ناصر شیرازی کے اغوا تک ن لیگ اور پنجاب حکومت کا مجرمانہ کردار نا قابل قبول ہے۔
سید ناصر عباس شیرازی کا اغوا ریاستی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ لاہور کے مین روڈ پر اپنے اہل خانہ کی موجودگی میں ملکی سطح کے ایک سیاسی رہنما کا اغوا ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایڈوکیٹ سید ناصر شیرازی کے اغوا کا از خود نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا جبر اس کے زوال کا سبب بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندہ کے بہادر عوام اور مجلس وحدت مسلمین کے کارکن قائد وحدت کے ہر حکم پر لبیک کہنے اور احتجاجی تحریک چلانے کے لئے آمادہ ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/