‫‫کیٹیگری‬ :
01 December 2017 - 22:55
News ID: 432058
فونت
منہاج القرآن کے زیر اہتمام؛
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا و دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں، علماء و مشائخ و شرکاء کو تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت پر مبارکباد دی۔
تاجدار ختم نبوت کانفرنس

رپورٹ: ٹی ایچ بلوچ

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب 30 نومبر 2017ء کو مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک لاہور میں ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی، جبکہ جنوبی افریقہ سے آنجہانی نیلسن منڈیلا کے پوتے اور رکن پارلیمنٹ مانڈلا منڈیلا مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ ساؤتھ افریقہ میمن کمیونٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اے وی محمد، زید نورڈین، اسماعیل ابوالحسن خطیب، طاہر رفیق نقشبندی بھی کانفرنس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ معزز مہمانوں کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال نے کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء میاں منظور احمد وٹو، جماعت اسلامی کے رہنماء فرید احمد پراچہ، پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے پوتے ولید اقبال بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

ختم نبوت کانفرنس منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی زیرنگرانی منعقد ہوئی۔ پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی اور مذاہب سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے لاکھوں عشاقان مصطفیٰ نے شرکت کی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 11 بجے تلاوت و نعت سے ہوا۔ کانفرنس میں شہزاد برادران، بلالی برادران، منہاج نعت کونسل، محمد افضل نوشاہی اور دیگر ثناء خوانوں نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ فرحت حسین شاہ اور علامہ امداد اللہ خان نے بھی اظہار خیال کیا۔میاں منظور احمد وٹو، علامہ محمد امین شہیدی، ولید اقبال، سکھ رہنماء سیکرٹری جنرل پاکستان سکھ گردوارہ پربندک کمیٹی سردار گوپال سنگھ چاولہ، چرچ آف پاکستان کے بشپ منو رمن شاہ، ہندو رہنماء سرواہ گوما کرشن لعل نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

مہمان خصوصی مانڈلا منڈیلا نے اظہار خیال کرتے ہوئے اہلیان پاکستان کو عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہل محبت کا ملک ہے اور وہ بحثیت مسلمان پاکستان کا دورہ کر کے فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دعوت پر پاکستان آنا اور ختم نبوت کانفرنس میں شرکت میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ کانفرنس کے انعقاد پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے میں آج اس جگہ کھڑا ہوں جہاں پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے اور حضرت محمد ﷺ دنیا کے عظیم انقلابی لیڈر ہیں۔ میرے دادا نیلسن منڈیلا نے کمزوروں کے حقِ آزادی کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام اور پاکستان کے پرامن تشخص کو کامیابی کے ساتھ پوری دنیا میں اجاگر کررہے ہیں۔ اسلام قبول کرنا میری خوش بختی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد میں ان کی قربانیاں قابل تحسین اور پوری دنیا کیلئے قابل تقلید ہیں۔

کانفرنس میں جنوبی افریقہ کے مہمان اسکالر ڈاکٹر اے وی محمد نے بھی خطاب کیا اور آقا علیہ السلام سے محبت کو مسلمانوں کی پہچان قرار دیا۔ بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینار پاکستان پر منعقدہ تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ آپ ﷺ نے کمزوروں، مظلوموں، یتیموں کے حقوق کا تحفظ کیا، اپنی ذات کیلئے کسی سے بدلہ نہیں لیا مگر مظلوم کے مقابلہ میں کسی ظالم کو معاف نہیں کیا۔ جس طرح دین کے حقوق اہم ہیں اسی طرح مظلوم کے حقوق اہم ہیں۔ ظالم، جابر، قاتل، غاصب، فاسق کے مقابلے میں مظلوم اور کمزور کی مدد کرنا آقائے دو جہان خاتم الرسل ﷺکی سنت مطہرہ ہے۔ آپ ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں یہ قرآن کی نصوص قطعی سے ثابت ہے اور احادیث مبارکہ میں بھی صراحت کے ساتھ عقیدہ ختم نبوت بیان ہوا ہے۔ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس اور اس کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے۔ مسلمان ہونے کا دعویدار کوئی بدبخت ہی عقیدہ ختم نبوت سے انحراف کی جرات کرسکتا ہے۔ جو فیصلے اللہ نے صادر فرما دیئے کوئی قیامت تک انہیں نہیں بدل سکتا۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آقائے دو جہان حضرت محمد ﷺ امن پسند اور انسانیت کا احترام کرنے والے تھے انہوں نے امن کیلئے دشمنوں کے ساتھ ایسے معاہدے بھی قبول کیے جو بظاہر مسلمانوں کے مفادات سے متصادم نظر آتے ہیں۔ فتح مکہ آپ کے اخلاق حسنہ اورامن پسندی اور معاملہ فہمی کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایفائے عہد کرنے والے تھے جو وعدہ کرتے تھے وہ پورا کرتے تھے آپ غیر مسلموں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو بھی پورا کرتے تھے۔ جب بھی کمزوروں پر ظلم ہوا، معاہدے توڑے گئے تو آپ عہد شکنوں، ظالموں، جابر وں کے خلاف نبردآزما ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جملہ دینی اور دنیاوی مسائل کا حل اسوہ حسنہ اور سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا و دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں، علماء و مشائخ و شرکاء کو تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت پر مبارکباد دی۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام صبح ساڑھے 4 بجے ہوا، اس موقع پر آمد مصطفیٰ کی خوشی میں سلام پڑھا گیا، جس میں لاکھوں اسلامیان پاکستان نے کھڑے ہو اپنے جذبہ عقیدت کا اظہار کیا۔ مینار پاکستان کے اطراف میں فائر ورکس کا نہایت شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ آخر میں علامہ امداد اللہ خان نے اختتامی دعا کرائی۔/۹۸۸/ ن۹۴

منبع: اسلام ٹائمز

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬