
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ اسلام اتحاد اور وحدت کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے بیان کیا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے نمونہ عمل ہے، فقہا میں اجتہادی اختلافات ہیں، اسلام کے بنیادی اصولوں میں نہیں، جس کی وجہ قرآن و حدیث کو سمجھنے اور ان کی تعبیر میں اختلاف ہے لیکن اس کی بنیاد پر لڑائی جھگڑے کرنے کی بجائے ہمیں اتفاق و اتحاد کا عملی مظاہر ہ کرنا چاہیے۔
ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جشن عید میلادالنبی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام نیاز نقوی نے کہا مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خون کے پیاسے بننے کی بجائے، اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے، مسلمان مختلف فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں، لیکن حقیقت ہے کہ قرآن و احادیث مبارکہ میں فرقوں کا کوئی ذکر نہیں، یہ فرقے کچھ حکومتوں کے دوران پیدا کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنیادی اسلامی تعلیمات میں اسلامی مکاتب فکر کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، ایک معبود،ایک کعبہ، ایک قرآن اور محمد مصطفی کو ایک نبی کے ماننے والوں کو لڑائی جھگڑے اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے کی بجائے احتیاط سے کام لینا چاہیے، جس میں علماء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صرف ملی یکجہتی کونسل کے اجلاسوں میں ہی نہیں، بلکہ اپنی مساجد اور مسلکی اجتماعات میں بھی اتحاد بین المسلمین کا ذکر کریں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/