رسا نیوز ایجنسی کی رائٹرز سے رپورٹ کے مطابق، شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش کو امریکہ کا نوکر اور غلام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل امریکی نقش قدم پر چل رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل امریکی نقش قدم پر چل کر اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور دوسرے ممالک کے بارے میں امریکی زبان میں بات کرتے ہیں۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے وظائف میں سیاسی بیان بازی نہیں بلکہ مسائل کا حل پیش کرنا ہے۔ شمالی کوریا کے نمائندے کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کا اصلی سبب امریکہ ہے اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کی حمایت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ شمالی کوریا کو بھی اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا حق حاصل ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰