رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے مشرقی صوبے دیر الزور کے علاقے ہجین پر بمباری کی ہے۔
امریکی اتحاد کی بمباری میں بارہ افراد مارے گئے ہیں۔ امریکی اتحاد نے منگل کے روز بھی دیرالزور کے علاقے البحرہ پر بمباری کی تھی جس میں نو عورتوں سمیت سولہ شامی شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔
اس سے پہلے پیر کے روز، دیرالزور پر امریکی اتحاد کی بمباری میں ایک ہی خاندان کے دس افراد سمیت سولہ عام شہری مارے گئے تھے۔
حکومت شام نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام بارہا اپنے مراسلوں میں شام میں امریکی اتحاد کے ہاتھوں ہونے والے قتل عام کو بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دو ہزار چودہ سے اب تک عراق و شام میں نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے فضائی حملوں میں تین ہزار سے زائد عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/