رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے بھٹ شاہ ضلع مٹیاری میں تنظیمی تعلیمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ وابستہ ہے، کاپی کلچر اور سفارشی نظام نے ملک کو تباہی کے کنارے لگایا ہے، بجٹ مختص کرنے کے باوجود استعمال نہ کرنا حکمرانوں کی کرپشن کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبا خود احتسابی کرتے ہوئے مخلص ہو کر تعلیم حاصل کریں اور اپنے خاندان، معاشرہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
انہوں نے سندھ میں بدترین تعلیمی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے ایک کروڑ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، جبکہ یہی بچے بڑے ہونگے تو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا خطرہ پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان وطن عزیز کا سرمایہ ہیں اور انکی بہترین تعلیم و تربیت سے ہی ملک کی ترقی کا سفر ممکن ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰