15 September 2020 - 11:39
News ID: 443685
فونت
مورگان اورٹیگس نے کہا کہ یورپ اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ بنانے کے لئے اسکے خلاف پابندیاں عائد کرے ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پابندیوں کے نشے میں چور امریکہ نے اپنے یورپی اتحادیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ واشنگٹن کی پیروی کرتے ہوئے ایران پر پابندیاں عائد کریں۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگان اورٹیگس نے سعودی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے یورپی اتحادیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ بنانے کے لئے اسکے خلاف پابندیاں عائد کریں۔

امریکہ کا یورپ سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب برطانیہ جرمنی اور فرانس ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد کرنے کی امریکی کوششوں کو مسترد کر چکے ہیں۔

برطانیہ فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے گزشتہ جمعرات کو یورپی یونین میں خارجہ امور کے سیکریٹری جوزپ بورل کے ہمراہ کے ایک پریس کانفرنس میں ایران کے ایٹمی معاہدے کی حمایت کی تھی اور یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کو دوبارہ عائد کرنے کی امریکی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آٹھ مئی دوہزار اٹھارہ کو یک طرفہ اور غیر قانونی طور پر ایران کے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے علیٰحدگی اور پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کا اعلان کیا تھا جسکے بعد انہیں عالمی سطح پر خاصی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا۔

قابل ذکر ہے کہ ایران نے دوہزار اٹھارہ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں شکایت کی تھی کہ امریکہ نے دوہزار پندرہ کے بین الاقوامی جوہری معاہدے کے تحت اٹھائی گئی پابندیاں دوبارہ عائد کر کے انیس و پچپن کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد عالمی عدالت انصاف نے امریکہ کو حکم دیا تھا کہ وہ خوراک، ادویات، طبی آلات اور زراعت کے شعبوں میں آزادانہ درآمد کو متاثر کرنے والے تمام اقدامات کو ختم کر دے مگر امریکہ نے اب تک اس کے اس فیصلے پر کان نہیں دھرے ہیں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬