رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب حجت الاسلام مبارک علی موسوی کا نواز شریف کی تا حیات نا اہلی کے فیصلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے اس تاریخ ساز فیصلے سے بدعنوانوں کا پارلیمنٹ میں داخلہ بند ہو جائے گا، عدالتی فیصلہ شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے درباری ایک کرپٹ اور نااہل شخص کو بھٹو سے ملانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان کو تاریخ کا علم ہی نہیں اور یہی لوگ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی پر مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور کرپٹ نواز شریف کے کیس میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔
حجت الاسلام مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ ایک نا اہل شخص کی تا حیات نا اہلی کوئی اچھنبہ نہیں ، نواز شریف شروع سے ہی نا اہل تھا جسے ضیا الحق جیسے ظالم و جابر ڈکٹیٹر نے اہل کرنے کی کوشش تھی ۔ آج سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے پاکستانی سیاست سے ایک تاریک اور نااہل باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔ بالآخر کرپٹ اور نااہل ہمیشہ کیلئے اپنے انجام سے دو چار ہوگیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/