رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کی طلبا یونینوں اور تنظیموں کے ہزاروں نمائندہ طلبا سے ملاقات میں طلبا اور طالبات میں ایمانی جذبے اور انقلابی اقدار کو آگے بڑھانے کی خواہش اور معاشرے میں اپنی شناخت برقرار رکھ کر اپنا کردار ادا کی لگن کو اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیشرفت اور اس کے تابناک مستقبل کے لئے امید افزا بتایا۔
آپ نے میدان عمل میں مؤمن، انقلابی اور مخلص نوجوانوں کی موجودگی پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: مؤمن ، انقلابی اور مخلص نوجوانوں کو انقلاب اسلامی کے اہداف کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھانے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ جو افراد معاشرے میں ناامیدی اور مایوسی پھیلاتے ہیں وہ شاید دشمن نہ بھی ہوں مگر ان کا کام وہی دشمنوں والا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انقلابی عزم، انقلابی کردار اور انقلابی سوچ رکھنا ضروری ہے۔ وطن عزیز کی صلاحیت اور اندرونی قابلیت کو دیکھتے ہوئے ہم اپنے اہداف تک پوری طاقت اور تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ ایران کا اسلامی نظام اچھی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور یقینا آج سے بھی زیادہ بہتر اور روشن مستقبل نوجوان نسل کا انتظار کر رہا ہے مگر اس کی شرط صراط مستقیم پر ثابت قدم رہنا اور آہنی عزم و ارادے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھتے رہنا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں آزادی اظہار رائے کو اسلامی نظام کے اہم اہداف میں قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اگرآزادی نہ ہو تو معاشرے کی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ہے تاہم اس آزادی کو قانونی دائرے میں ہونا چاہئے بصورت دیگر صورت حال قابو سے باہر اور بحرانی ہو جاتی ہے۔
آپ نے سماجی، سیاسی، صحافتی اور سائبر اسپیس یا سوشل میڈیا کے میدانوں میں ایران میں پائے جانے والی آزادی کو ظالم شاہی حکومت کے دور کے،گھٹن کے ماحول سے غیر قابل موازنہ قرار،دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے انقلابی ہونے انقلابی باقی رہنے اور انقلابی عمل کرنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ ملک کی توانائیوں اور استعداد کے پیش نظر ہمیں ملک کی قابل فخر ترقی اور پیشرفت کے عمل کو مزید تیزی کے ساتھ جاری رکھنا ہو گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب کے گذشتہ چالیس سالہ دور کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ میں معاشرے کے مسائل اور معاملات پر مختلف طریقوں سے نظر رکھتا ہوں اور سبھی مسائل کے مد نظر میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اسلامی نظام حکومت نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران اپنے متعین کردہ سبھی اعلی اہداف کی جانب قدم بڑھایا ہے اور سبھی شعبوں میں ترقی کی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مومن اور انقلابی نوجوانوں کی زبان سے شجاعت اور صراحت کے ساتھ انقلابی امنگوں کی تکمیل کے مطالبات کو ضروری بتایا اور فرمایا کہ رائے عامہ میں اشرافیت اور فکری و نظریاتی وابستگی کی نفی اور اسے مسترد کیا جانا چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یونیورسٹیوں اور طلبا کے درمیان قریبی تعلقات، جوش و جذبہ اور ہمت و حوصلہ قابل قدر ہے اور یہ صورتحال دشمنوں کی خواہشات کے برعکس ہے کیونکہ دشمن کا مقصد ایران میں ناامیدی اور مایوسی پھیلانا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/