‫‫کیٹیگری‬ :
08 March 2020 - 19:38
News ID: 442256
فونت
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی :
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ حضرت علیؑ کی حیات طیبہ ہر حوالے سے مسلمانان عالم بلکہ تمام انسانوں کیلئے نمونہ عمل ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی زندگی کے بہت سے پہلو ہیں ایک اہم اہل پہلو سیاست علوی ہے جو ایک ایسا باب ہے جس کے گہرے مطالعے کی ضرورت ہے بحرانی حالات میں انہوں نے جس طرح کامیاب حکمرانی کی اور منفرد و جامع طرز جہاں بانی عطا کیا اس سے آج بھی مختلف ممالک میں استفادہ کیا جارہا ہے بالخصوص مالک اشترؒ کے نام آپ کا وصیت نامہ ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے جس سے پاکستانی ریاست کو استفادہ کرنا چاہیے۔

امیر المومنین ؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ خدا تعالی اور پیغمبر اکرم پر ایمان رکھنے والوں کے لئے ۳۱ رجب المرجب کا دن بہت بڑی خوشی کا دن ہے کیونکہ اس دن نفس رسول ‘ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کعبے کے اندر متولد ہوئے۔

قرآن کریم کی کثیر آیات ایسی ہیں جن کا اولین شان نزول اور ان کا کامل مصداق امیر المومنینؑ کی ذات ہے۔

مفسرین نے اپنی تفاسیر میں اس شان اور مصداق کو کھول کر بیان کیا ہے دوسری طرف پیغمبر گرامی قدر نے امت کے سامنے علیؑ کے جو فضائل بیان کئے وہ بہت بڑا علمی‘ فکری اور عقیدتی ذخیرہ ہے کتب احادیث پیغمبر گرامی قدر کی زبانی آپ کے فضائل سے مزین ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ رسول اکرمﷺ نے خاص عنایات اور توجہ کے ساتھ خالص انداز میں آپ کی تربیت فرمائی اور انہیں اسلام کی حفاظت اور ترویج کے لئے خود تیار فرمایا یہی وجہ ہے کہ زندگی کے مختلف شعبوں اور تمام انسانی مسائل میں علیؑ کی ذات مرکز اور مرجع تسلیم کی گئی اور تمام صحابہ کرام نے تمام مسائل میں آپ کی طرف رجوع کیا۔

قرآن کی تفسیر‘ احادیث پیغمبرﷺ‘ مختلف رائج ادبی و دیگر علوم‘ ولایت و روحانیت اور دیگر تمام میدانوں میں آپ کی ذات سرچشمہ فیض قرار پائی جبکہ شجاعت و بہادری ان کی ایسی ایک صفت اور صلاحیت ہے جس میں وہ اپنی مثال آپ تھے۔ انسانوں کے درمیان ان کی ذات بطور نمونہ پیش کی جاسکتی ہے ۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا حضرت علیؑ کی حیات طیبہ ہر حوالے سے مسلمانان عالم بلکہ تمام انسانوں کیلئے نمونہ عمل ہے ہم سب کو چاہیے کہ ہم اس کو اپنائیں، صبر و تحمل اور عمل و استقامت کا دامن تھام کر آپ کی تعلیمات اور آپ کے چھوڑے ہوئے اصول اور نقوش کی روشنی میں نظام کی تشکیل کے لئے کوشاں رہیں تاکہ انسانیت کو فلاح و نجات سے ہمکنار کیا جاسکے۔

مسلمانان عالم بالخصوص مسلمانان پاکستان جشن ولادت امامؑ نہایت تزک و احتشام سے منائیں اور مولود کعبہ کے افکار و اقوال کی روشنی میں اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کو عالم اسلام کی خواہش کے مطابق ایک مکمل اسلامی فلاحی ریاست میں ڈھالنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کے دشمن اور پاکستان میں موجود ان کے آلہ کاروں کی وطن عزیز کے خلاف تمام تر سازشیں ناکام ہوجائیں۔

عالمی یوم خواتین کے موقع پر انہوںنے کہا کہ اس دور کی خواتین کیلئے رول ماڈل پیغمبر اکرم کی دختر حضرت فاطمةالزہراعلیہاالسلام ہیں جنہوںنے اپنے دور میں کر دار اور سیرت کے ذریعہ ایسے اصول اور نقوش چھوڑے ہیں جو تاابد ہر دور کی خواتین کیلئے ہر پہلو سے مشعل راہ ہیں اگرچہ ان کا دور صدیوں پہلے کا دور تھا جسمیں زندگی گذارنے کے طور طریقے آج سے مختلف تھے ۔لیکن ہمیں وہ اصول تلاش کرنے ہونگے اور ان نقوش کو اجا گر کرنا ہوگا جو سیدہ طاہرؑ کی سیرت و کر دار سے ابھر کر سامنے آتے ہیں جو ہر دور کیلئے مشعل راہ ہیں ۔

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھاکہ انہوںنے بیٹی کی حیثیت سے کیا رویہ اپنایا، ایک بیوی کی حیثیت سے کیا انداز اختیار کیا اور ایک ماں کی حیثیت سے کیا طور طریقے اپنائے کہ حسن ؑ و حسین ؑ جیسے فرزندان دنیا کو عنایت کئے ۔علامہ اقبال نے کہا ” بتولے باش و پنہاشو ازیں عصر کہ گر آغوش شبیرے بگیری “ ۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ماہرین کو چاہیے کہ وہ جدید عصر کے تقاضوں کو سیدنا طاہرہ ؑ کے چھوڑے ہوئے اصول و نقوش سے ہم آہنگ کرکے جدید دور میں خواتین کی رہنمائی کریں تاکہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد کو ایک روشن راستہ مل سکے ۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬