رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمھوریہ ایران کے صدر مملکت حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے دن رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام الگ الگ پیغامات میں اسلامی ممالک کے سربراہوں کو پیغام تبریک ارسال کیا ۔
انہوں نے اس بات کی اپیل کرتے ہوئے کہ وہ اجتماعی شرکت، باہمی اتحاد اور رحمانی اسلام کی حقیقی تصویر پیش کر کے تشدد اور انتہا پسندی سے پاک دنیا کی تشکیل کے لئے آگے بڑھیں کہا: مسلمانوں کی تاریخ کے اس حساس دور میں کہ جب حقیقی اسلام کی غلط اور تشدد پسندی پر مبنی تصویر پیش کئے جانے کی وجہ سے اسلامی حکمت، تاریخی تمدن اور دوسرے ادیان کے پیرووں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اجتماعی شرکت اور باہمی اتحاد کے ذریعے رحمانی اسلام، امن و دوستی کے اسلام اور بھائی چارے کے اسلام کی حقیقی تصویر دنیا والوں کے سامنے پیش کریں ۔
ڈاکٹر روحانی نے اس امید کا اظہار کیا : ہم اس با برکت مہینے میں اللہ تعالی سے دعا و مناجات کی معنویت سے فائدہ اٹھا کر نیز کتاب وحی اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سنّت سے درس حاصل کر کے اور صیام و قیام کی الہی ضیافت میں شرکت کر کے ملت اسلامیہ کے درمیان ماضی سے زیادہ محبت اور اخوت کی تقویت اور امن و سلامتی کے فروغ کے لئے قدم اٹھائیں گے ۔
دوسری جانب ایران کے نائب صدر جمھوریہ اسحاق جہانگیری نے اسلامی حکومتوں الگ الگ ارسال کردہ پیغامات میں رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی ۔
اسحاق جہانگیری نے مسلم اقوام اور حکومتوں کی سربلندی اور سعادت پر مبنی نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ اس امید کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک میں دین مبین اسلام کی تعلیمات سے فائدہ اٹھانے سے ملت اسلامیہ کے درمیان بھائی چارگی، محبت اور قیام امن و سلامتی کو تقویت ملے گی ۔
واضح رہے کہ آج منگل کے دن سے ایران اور چند اسلامی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ہے ۔