رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ۱۴ اگست کو وطن عزیز کی آزادی کے موقع پر جشن اور پرچم کشائی کے تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
ایم ڈبلیوایم پاکستان کے مرکزی رہنما حجت الاسلام اعجاز حسین بہشتی نے تقریب سے خطاب کے دوران وطن عزیز کے تمام شہریوں کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا : ملکی سلامتی اور قیام امن کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، قومیں اپنی اصلاح کرکے آگے بڑھتی ہیں۔پاکستان اس وقت بد ترین حالات سے دو چار ہے ۔
انہوں نے کہا :اس وقت دہشتگردی کے علاوہ طبقاتی نظام، سیاسی کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، مہنگائی، بے روزگاری، توانائی بحران اور زندگی گزارنے کی سہولیات کے فقدان نے ہمیں چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔
انہوں نے کہا : گذشتہ برسوں میں ہم بحیثیت قوم قیام پاکستان کے اصل مقاصد حاصل کرنے اور قیام پاکستان سے لیکر اب تک ہم بانیان پاکستان کی آرزوں کی تکمیل میں ناکام ہیں اسکی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے رہے۔ ہم آج جو کچھ بھی ہیں وہ سب پاکستان کی بدولت ہیں اور کل ہمارے بچے بھی اسی وطن میں سانس لیں گے ۔
قرارداد پاکستان کی صورت میں برصغیر کے مسلم اکثیریتی علاقوں کیلئے آزادی اور خود مختاری کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن قیام پاکستان کے بعد مختلف حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث مختلف صوبوں اور قوموں کے درمیام فاصلیں پیدا ہو گئے۔ ہمیں ایسے معاشرے کے قیام کیلئے جدو جہد کرنا چاہئے جہاں ہم آہنگی، برداشت، امن، خوشحالی کا راج ہو اور جہاں لوگ امن سے زندگی گزار سکے اور ملک ترقی کا سفر طے کرسکے۔
انہوں نے کہا : حکمرانوں کو اپنے قبلے کی درستگی کے بعد عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی کاؤشیں کرنا ہوگی تاکہ عوام کو ریلیف مل سکیں اور وہ معاشی آسودگی کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے استحکام پاکستان میں اپنا حصہ ڈال سکیں کیونکہ معاشی طور پر خوشحال عوام ہی ریاست کی ضمانت فراہم کر سکتے ہیں۔
پرچم کشائی کی اس تقریب میں حجت الاسلام اعجاز حسین بہشتی کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء حجت الاسلام سید ہاشم موسوی، رکن صوبائی اسمبلی آغا رضا اور سیکریٹری جنرل کوئٹہ ڈویژن عباس علی نے خطاب کیا۔