رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام اول قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید محمد دہلوی کی برسی منائی گئی۔ دفاتر میں مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی گئی۔
حجت الاسلام ساجد علی نقوی کی لاہور رہائش گاہ پر برسی کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا : مرحوم سید محمد دہلوی نے شیعہ حقوق کیلئے پاکستان میں جدوجہد کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : وہ تقسیم برصغیر کے بعد بھارت سے ہجرت کرکے کراچی آئے اور شیعیان حیدر کرار کی قیادت کی، وہ بہترین مقرر اور نڈر رہنما تھے جنہوں نے جدوجہد کی بنیاد رکھی۔
شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر نے کہا : حجت الاسلام ساجد علی نقوی نے سید محمد دہلوی، حجت الاسلام مفتی جعفر حسین مرحوم اور شہید حجت الاسلام عارف حسین الحسینی کی پالیسیوں کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ ان کے ساتھی رہے۔
انہوں نے بیان کیا : ہم عہد کرتے ہیں کہ قائدین ملت جعفریہ کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے، تینوں قائدین کی صفات حجت الاسلام ساجد علی نقوی میں پائی جاتی ہیں، جنہوں نے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے ایسا کردار ادا کیا کہ دہشتگرد اور تکفیری گروہ حرف غلط کی طرح مٹ گئے۔
سبطین حیدر سبزواری نے کہا : انشااللہ ایک دن ان کی باقیات بھی ختم ہو جائیں گی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔
انہوں نے تاکید کی : تحریک جعفریہ قائدین کی میراث ہے، جس پر حکومت نے سپریم کورٹ کے پابندی ہٹانے کے فیصلے کے باوجود ابھی پرویز مشرف کے آمرانہ دور کے نوٹیفیکیشن کو واپس نہیں لیا گیا۔