رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے لاہور میں سنی تحریک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا امام حسینؑ نے کربلا کے میدان میں باطل کو شکست دیکر دین اسلام کو زندہ وجاوید کیا، امام عالی مقامؑ کی سیرت و کردار سے اُمت مسلمہ کے قلوب قیامت تک منور ہوتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا : واقعہ کربلا ہمیں باطل قوتوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا درس دیتا ہے، شہداء کربلا کی قربانی صبر و تحمل اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا : کہ امام حسینؑ کی عظمت کے چرچے تا قیامت ہوتے رہیں گے، نسل نوء مشن حسینی پر گامزن ہوکر ملک کو جہالت کے اندھیروں اور عوام کے حقوق دلانے کی کاوشیں کرئے، امام حسینؑ نے سسکتی انسانیت کو جبر سے نجات دلا کر صراط مستقیم کی راہ پر گامزن رہنے کا سلیقہ سیکھایا۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی قربانی نے اسلام کو صبحء قیامت تک زندہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باطل قوتوں کے خاتمے اور ملک کو انتہا پسندی اور دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے حسینی جذبے سے سرشار ہونا ہوگا، فرسودہ نظام حکومت، سیاست، جاگیرادانہ نظام، وڈیرہ شاہی کے خلاف علم جہاد بلند کرنیوالے حسینی قافلے میں شامل ہیں، ملک و قوم اب مزید مذہب اور عقیدے کے نام پر قتل و غارتگری برداشت نہیں کر سکتی، دوران محر م الحرام کسی بھی طرح کی مذہبی کشیدگی سے بچنے کیلئے سب کو یک زبان ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ نے یزید کو شکست دیکر اسلام کو سر بلند کردیا، شہداء کربلا کی یاد میں ان کا ذکر بھی عبادت ہے، آج فرعونی قوتوں سے ٹکرانے کیلئے مسلمانوں میں حسینیؑ فکر کو زندہ کرنا ہوگا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/