رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کراچی کوئٹہ اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں سیدالشہدا کے چہلم کے موقع پر جلوسہائے عزا برآمد کئے گئے اور مجالس غم برپا ہوئیں- اہل بیت عصمت و طہارت کے شیدائیوں نے شبیہ تابوت اور ذوالجناح کی زیارت کی-
مجالس عزا کے دوران خطبا اور ذاکرین نے میدان کربلا میں امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب و انصار کی لازوال قربانی کے فلسفے اور مقصد پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زوردیا کہ کربلا کے میدان میں امام حسین نے عالم انسانیت کو باطل قوتوں ، ظلم و جبر و تشدد اور ناانصافیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور طاغوتی طاقتوں کے سامنے نہ جھکنے کا جو پیغام دیا تھا وہ آج پوری دنیا کی قوموں کے لئے مشعل راہ بنا ہوا ہے اور جہاں جہاں بھی حریت و آزادی اور انصاف و سچائی کی تحریکیں جاری ہیں وہ امام عالیمقام کے آفاقی اور جاودانی پیغام کا ہی نتیجہ ہیں-
پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی انجمنوں نے منظم شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرکے امام مظلوم کربلا اور ان کے بہتر جانثاروں کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا- کراچی سمیت پاکستان کے سبھی شہروں میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے-
کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا اور اپنے مخصوص راستوں سے گذرتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا جبکہ لاہور میں مرکزی جلوس چہلم الف شاہ حویلی سے برآمد ہوا۔ کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس، مرکزی امامبارگاہ سے برآمد ہوا- کراچی، گلگت بلتستان، پشاور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور کئی دیگر شہروں میں موبائل فون سروس بند رہی-
ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ مظلوم کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کا چہلم سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں اور قریوں میں بھی پوری عقیدت کے ساتھ منایا گیا- لکھنئو میں مرکزی جلوس چہلم، امامبارگاہ ناظم صاحب سے برآمد ہوا جس میں دسیوں ہزار عزاداروں اور سوگواروں نے شرکت کی-
مومنین اور سوگواروں نے شبیہ تابوت و علم اور تبرکات کی زیارت اور بہت بڑی تعداد میں ماتمی انجمنوں نے منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے کربلا والوں کی یاد منائی- ممبئی میں بھی چہلم کا مرکزی جلوس مسجد ایرانیان مغل سے برآمد ہوا اور اپنے مخصوص راستوں سے گذر کر رحمت آباد میں اختتام پذیر ہوا-
حیدر آباد، دہلی، سری نگر اور کرگل سے بھی چہلم سید الشہدا کے جلوس برآمد ہوئے- جن کے دوران روح پرور اور معنوی مناظر دیکھنے کو ملے اور جلوسہائے عزا میں شریک سوگواروں نے امام عالیمقام کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے راستے کو جاری رکھنے کا عزم کیا- پاکستان اور ہندوستان میں نکالے گئے جلوسہائے عزا کے راستوں میں سبیل اور نذر و نیازکا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا۔/۹۸۸/ن۹۴۰