رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ۲۳جنوری ۲۰۱۷ء کو روضہ امام حسین علیہ السلام کی طرف سے کربلا انٹر نیشنل ائیر پورٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا جو کربلا کے مرکزی علاقہ سے ۳۰ کلو میٹر دوری پہ تعمیر کیا جائے گا۔
اس ائیر پورٹ کی تعمیر کی ذمہ داری برطانوی کمپنی کوپرچیس کو دی گئی ہے اور خیرات السبطین کمپنی بھی تعمیری کام میں کوپرچیس کی مدد کرے گی یہ دونوں کمپنیاں مل کر اس منصوبے کے پہلے حصہ کو 18 ماہ میں مکمل کر لیں گی جس کے بعد اس ائیر پورٹ کا استعمال شروع کر دیا جائے گا۔
ائیر پورٹ کے سنگ بنیاد کے موقع پہ ایک پرتپاک تقریب بھی منعقد ہوئی کہ جس میں بڑی تعداد میں حکومتی اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے وفود نے شرکت کی اس تقریب میں روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی حجت الاسلام شیخ عبد المھدی کربلائی (دام عزہ) اور سیکرٹری جنرل بھی شریک تھے ۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی نمائندگی حرم کے سیکرٹری جنرل سید محمد اشیقر اور ایک اعلی سطحی وفد نے کی جن میں تقریبا تمام سیکشنز کے سربراہان موجود تھے۔
تقریب کے دوران بہت سی شخصیات نے خطاب کیا اور اس منصوبے کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کی۔
واضح رہے یہ ائیر پورٹ پہلے حصے کی تکمیل کے بعد 42 لاکھ زائرین کے لیے استعمال کیا جا سکے گا اور بقیہ حصوں کی تعمیر کے بعد اس میں مزید وسعت پیدا ہو جائے گی اس ائیر پورٹ میں مسافروں کے لیے مختص کردہ عمارت 1لاکھ 30 ہزار مربع میٹر پر مشتمل ہے کہ جس میں سے 85 ہزار مربع میٹر عمارت پہلے مرحلہ میں تعمیر کی جائے گی۔
اس ائیر پورٹ کا رن وے ساڑھے چار کلو میٹر لمبا ہے اور اس کے ساتھ بہت بڑا حصہ جہازوں کے کھڑا ہونے لیے بھی بنایا گیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/