رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ایک سرکردہ رہنما خالد البطش نے ایران کی جانب سے فلسطینی کاز کی بے دریغ حمایتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کو اپنے لئےنمونہ عمل بنائیں اور امریکہ اور صیہونی حکومت سے لو نہ لگائیں -
خالد البطش نے کہا کہ ہم کسی بھی ملک سے اتنا ہی قریب ہوتے ہیں جتنا وہ فلسطین سے قریب ہوتا ہے- البطش نے آئندہ ہفتے فلسطین کی حمایت میں کانفرنس کے انعقاد پر ایران کوسراہتے ہوئے کہا کہ ان کانفرنسوں کا ملت فلسطین پر مثبت اثر مرتب ہوتا ہے اور اس سے ایران کی جانب سے مسئلہ فلسطین کی دائمی حمایت کا پتہ چلتا ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ ملت فلسطین تنہا نہیں ہے-
تحریک جہاد اسلامی کے رہنما نے کہا کہ عرب ممالک اپنے وسائل اور جغرافیائی نزدیکی کے باعث ، فلسطین کی موثر حمایت و دفاع کر سکتے ہیں تاہم اب تک انھوں نے کوئی حمایت نہیں کی ہے جبکہ عرب ممالک نے مذہبی اور فرقہ وارانہ تنازعات کو بھڑکانے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کئے ہیں-
تحریک جہاد اسلامی کے رہنما نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی تحریک انتفاضہ جاری رہے گی -/۹۸۸/ ن۹۴۰