رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عبادت و نیائش کے مبارک مہینے رجب المرجب کی آمد اور یکم رجب فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن کا سماں ہے۔
رجب المرجب کی آمد کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں محافل جشن اور دعا و نیائش کے اجتماعات کا انعقاد شروع ہو گیا۔ ہر طرف شاندار چراغانی اور سجاوٹ کی گئی ہے۔
یکم رجب المرجب فرزندرسولۖ حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت بھی ہے۔ امام محمد باقر علیہ السلام یکم رجب سنہ ستاون ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔ امام محمد باقر علیہ السلام کی عظمت زباں زد خاص و عام تھی۔
آپ کے دور میں جہاں بھی ہاشمیوں، علویوں اور فاطمیوں کا ذکر ہوتا وہاں امام محمد باقرعلیہ السلام کا نام نامی تمام تر قداست و شجاعت اور علمی کمالات کے ساتھ خاندان عصمت کے وارث یگانہ کے طورپر پیش کیا جاتا۔
رجب المرجب کی آمد کی مناسبت سے محافل جشن کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں شعرائے کرام بارگاہ امامت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں وہیں علمائے کرام بھی ماہ رجب کی فضیلت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کے علمی کمالات اور فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مشہد مقدس اور قم مقدس میں زائرین اور عاشقان اہلبیت کا جم غفیر ہے جو رجب المرجب کی آمد اور امام محمد باقرعلیہ السلام کی تاریخ ولادت باسعادت کا جشن انتہا ئی جوش اور عقیدت واحترام کے ساتھ منا رہا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/