رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولائے متقیان مولا امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران جشن و نور ہے-
پورے ملک کی سرکاری اور نجی عمارتوں اور سڑکوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے- عاشقان حیدر کرار جگہ جگہ لوگوں میں شربت اور میٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں-
جشن مولود کعبہ کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں عاشقان اہلبیت اطہار(ع) جشن علوی میں شریک ہیں-
مولائے کائنات کی شب ولادت باسعادت پر عراق کے مقدس شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین اور سامرہ میں بھی وسیع پیمانے پر جشن کا اہتمام کیا گیا ہے-
عراق سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ نجف اشرف میں لاکھوں کی تعداد میں عراقی اور غیر ملکی زائرین حضرت امام علی علیہ السلام کا جشن ولادت بڑی ہی دھوم سے منا رہے ہیں اور ذاکرین و شعرائے کرام بارگاہ علوی میں اپنے اپنے مخصوص انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں-
نجف اشرف میں اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں- پاکستان اور ہندوستان میں بھی جگہ جگہ محافل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے اور گھر گھر نذر و نیاز کا سلسلہ جاری ہے-/۹۸۸/ ن۹۴۰