
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی مزاحمتی انقلابی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام سید حسن نصر اللہ نے شہید مصطفی بدرالدین المعروف ذوالفقار کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر لبنانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا : شہید بدرالدین نے شام میں سامراجی طاقتوں سے وابستہ تکفیریوں کے مذموم منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : شہید بدارالدین نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں اپنے نام کو جاوید بنا دیا شہید بدرالدین کی یاد ہمیشہ تاریخ میں زندہ رہےگی۔ شہید بدرالدین نے شام میں سامراجی طاقتوں سے وابستہ وہابی تکفیریوں کے شوم منصوبوں کو خاک میں ملادیا ۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے ناجائز صہیونی ریاست کی گریٹ اسرائیل منصوبے ناکامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا : ہم شام میں جنگ بندی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : قابض صیہونیوں کا خیال تھا کہ وہ دریائے نیل سے فرات تک اپنی توسیع پسندانہ سرگرمیوں بالخصوص ناجائز آبادکاریوں کے ذریعے گریٹ اسرائیل کے منصوبہ کو جامہ عمل پہنا سکیں گے مگر آج وہ لبنان سے ملحقہ سرحدی علاقوں تک ہی اپنی ناجائز تعمیرات میں مصروف ہیں جس سے ان کی گریٹ اسرائیل منصوبہ کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے بیان کیا : اسرائیل، لبنان کی سرحد پر دیوار تعمیر کر کے اس بات کا اعتراف کرچکا ہے کہ وہ گریٹ اسرائیل منصوبے میں ناکام ہوچکا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے صہیونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا ذکر کرتے ہوئے اس جد و جہد میں شامل فلسطینی اسیروں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسراء کی بھوک ہڑتال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عرب حکمرانوں سے سوال کیا : کیا سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امریکی ، اسلامی اور عربی اجلاس میں سعودی عرب کے بادشاہ اور عرب حکمراں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ فلسطینی قیدیوں کا مسئلہ اٹھائیں گے؟
سید حسن نصر اللہ نے سعودی نائب ولی عہد محمد بن سلمان کی حالیہ ہرزہ سرائیوں بالخصوص امام مہدی (ع) پر کی جانے والی شرمناک باتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا : محمد بن سلمان ایک ایسی غلطی کا مرتکب ہوگیا ہے جس سے ایرانیوں کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے تاکید کی : بے شک حضرت امام مہدی (ع) مکہ کے مقام سے ہی اپنی عالم گیر تحریک کا آغاز کریں گے اور محمد بن سلمان جان لے کہ نہ وہ اور نہ اس کا خاندان اس حقیقت کو جھٹلا سکتا ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے امام مہدی (عج) کے بارے میں سعودی عرب کے وزير دفاع محمد بن سلمان کے توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا : امام مہدی (عج) کا عقیدہ صرف شیعوں سے متعلق نہیں ،امام مہدی (عج) کا عقیدہ مسلمانوں کے درمیان اجماعی عقیدہ ہے جسے سنی اور شیعہ دونوں مانتے ہیں، امام مہدی آل رسول سے ہیں جن کا ظہور مکہ مکرمہ سے ہوگا۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے ایران، شامی حکومت اور حزب اللہ کے خلاف شام میں قومی اور نسلی تبدیلیوں کے حوالے سے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا : یہ باتیں جھوٹ کے سوا کچھ نہیں جبکہ قومی اور نسلی بنیادوں کو تبدیلی کی سازشوں میں ترکی، سعودی، قطری اور دیگر خلیج فارس ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر ملوث ہیں ۔
حجت الاسلام سید حسن نصر اللہ نے شام میں تکفیری دہشت گردوں کی حمایت پر سعودی عرب، امریکہ، اسرائيل، ترکی اور قطر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا : اگر ترکی ، سعودی عرب اور قطر، شام ميں دہشت گردوں کی حمایت کرنے کے بجائے فلسطینیوں کی حمایت کرتے تو آج تک مسئلہ فلسطین حل ہوگیا ہوتا۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۷۱۷/