رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل حجت الاسلام مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام خمینیؒ نے عصر حاضر کی انسانیت کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور انہیں شیطان بزرگ اور طاغوت کے مقابل کھڑے ہونے کا حوصلہ دیا، جمہوری اسلامی امام خمینیؒ کا وہ عظیم شاہکار ہے جو عوام کی طاقت سے جمہوری اصولوں پر مبنی الٰہی نظام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی جمہوریت اقوام عالم کے لئے ایک سراب ہے، کیونکہ یہ مغربی جمہوریت ہی ہے جس نے انسانیت کو بش، اوباما اور ٹرامپ جیسے قاتل تحفے میں دیئے ہیں۔ یہی نظام اقوام عالم کی بربادی اور تباہی کا ذمہ دار ہے۔ مغربی جمہوریت کے پاس انسانیت کے کسی درد کی دوا نہیں۔ جبکہ اسلامی جمہوریہ قرآن و سنت اور سیرت آئمہ طاہرین پر مبنی وہ پاکیزہ نظام ہے جو عصر حاضر کی پریشان انسانیت کو عزت، عظمت اور سربلندی عطا کرسکتا ہے۔ عالم انسانیت کا مستقبل اور دنیا کا بہترین نظام حکومت اسلامی جمہوری نظام ہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالم انسانیت کا مستقبل تابناک ہے، عالم کفر متحد ہوکر نور خدا کو بجھانا چاہتے ہیں مگر دنیا بھر میں کروڑوں انسان عقیدہ مہدویت سے عشق کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔
انہوں نے علمائے کرام عوام اورتنظیمی کارکنوں سے اپیل کی کہ حضرت امام خمینیؒ کی 28ویں برسی کے موقع پر 2 جون نماز جمعہ کے اجتماعات میں خطباء و علمائے کرام امام خمینیؒ کی شخصیت پر گفتگو کریں۔ 3 و 4 جون کو رہبر کبیر امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/