رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مسجدالاقصی اور اس کے اطراف میں جھڑپیں بند کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مسجد الاقصی اور بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مسجدالاقصی کے اسٹیٹس میں تبدیلی سے گریز کرنا چاہیے۔
دوسری جانب عرب لیگ نے مسجد الاقصی میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کے سنگین نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔
قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس میں مسجدالاقصی پر اسرائیلی جارحیت اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مسجد الاقصی کو نمازیوں پر بند کرنے اور بیت المقدس کے تاریخی اور مذہبی شواہد کو مٹانے کی بھی مذمت کی گئی۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ صہیونی فوجیوں نے منگل کی شب ایک بار پھر مسجدالاقصی کے دروازے پر نماز ادا کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کر دیا جس میں درجنوں نمازی زخمی ہو گئے۔
زخمی ہونے والوں میں مسجدالاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری بھی شامل ہیں۔
فلسطینی ذرائع نے بھی خطیب مسجدالاقصی شیخ عکرمہ صبری کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پیر کی رات بھی مسجدالاقصی پر صیہونی فوجیوں کے حملے میں سرکردہ فلسطین رہنما مصطفی برغوثی سمیت پچاس فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔
فلسطینیوں نے مسجد الاقصی میں الیکٹرانک گیٹ نصب کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے مسجد الاقصی کے باہر نماز پڑھنا شروع کر دی ہے۔
درایں اثنا اسرائیل کے اندرونی سلامتی کے وزیر نے مسجدالاقصی میں الیکٹرانک گیٹوں کی تنصیب کے سلسلے میں اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی کا انکشاف کیا ہے۔
اسرائیلی وزیر گلعاد آردن نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مسجد الاقصی میں الیکٹرانک گیٹوں کی تنصیب کے سلسلے میں سعودی عرب سمیت بعض عرب ملکوں کے ساتھ رابطے کیے ہیں۔
اس وزیر کا کہنا تھا کے بہت جلد دیگر علاقوں میں بھی الیکٹرانک گیٹ نصب کیے جائیں گے۔
جمعے کے روز مسجدالاقصی پر صیہونیوں کے حملے میں تین فلسطینیوں کی شہادت اور دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد، صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے مسجد الاقصی کے داخلی دروازوں پر الیکٹرانک گیٹ نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/