رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شب عید غدیر کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کے مذہبی مقامات ، مساجد اور امامبارگاہوں میں جشن اور محلفوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبھی شہروں کی سڑکوں اور سرکاری و غیرسرکاری عمارتوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔
لوگ سڑکوں پر جگہ جگہ اسٹال لگاکر شربت اور میٹھائیاں تقسیم اور مسلمانوں کی عظیم عید کی مبارکباد پیش کررہے ہیں۔
عید غدیر اورعشرہ ولایت کی مناسبت سے محافل میلاد کے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں میں جاری ہیں۔
مشہد مقدس اور قم میں روضوں کو بیحد خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔مشہد مقدس اور قم کے روضے بقعہ نور بنے ہوئے ہیں۔
ان مقدس مقامات میں جاری محفلوں میں علما اور ذاکرین عید غدیر کی اہمیت اور فضلیت پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
غدیر خم مکہ و مدینہ کے درمیان واقع اس علاقے کا نام ہے جہاں سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم حجہ الوداع کے بعد حکم خدا وندی سے حضرت علی علیہ السلام کو اپنا جانشین اور ولی مقرر کرنے کا اعلان فرمایا ۔
یوں تو پیغمبر اسلام کی پوری حیات طیبہ مختلف جہتوں سے اہمیت کی حامل ہے لیکن واقعہ غدیر آّپ کی حیات مبارکہ کا ایک اہم ترین واقعہ ہے۔ عیدسعید غدیر کو اسلامی روایتوں میں عیداللہ الاکبر بھی کہا جاتا ہے اور اس عید کو سبھی ادیان کی سب سے بڑی عید کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس دن سبھی پیغمبران الہی کی زحمتوں کا نتیجہ عملی شکل میں سامنے آیا تھا۔
عراق میں بھی مقدس مقامات اور روضوں میں عید غدیر کا جشن انتہائی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ عید غدیر کی مناسبت سے ہر طرف جشن اور محفلوں کا دورجاری ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰