رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے کمشنر دفتر میں اہم میٹنگ ہوئی جس میں کمشنر،آر پی او،صوبائی وزرا،ڈویژن کے انتظامی افسران، مختلف مسالک کے جید علمائ کرام شریک ہوئے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں اتحاد بین المسلمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امام حسین کی عظیم قربانی کی یاد سب مسلمان اپنے اپنے انداز میں مناتے ہیں ہماری کامیابی اس میں ہے کہ اپنے خطابات، پروگراموں میں امام حسین سے عقیدت کو نکتہ اتحاد و یکجہتی بناتے ہوئے بہترین انداز میں محرم کے پروگرام منائیں دوسرے مسالک کے مقدسات کی توہین و تکفیر سے اجتناب کریں۔
انہوں ںے کہا : اپنے خطابات میں باہمی وحدت و اخوت کی اہمیت کو اجاگر کریں شہدائ کربلا کی قربانیوں کے اس عظیم مقصد پر گفتگو ہو جس کی خاطر یاران و عزیزان امام حسین نے اتنی بڑی قربانی دی ہے،اگر ہم سب ملکر اس مقدس مشن کو بیان کریں اور فلسفہ شہادت پر گفتگو کریں تو اسلام کا پرچم سربلند ہو گا۔
حجت الاسلام عارف واحدی نے کہا کہ یہ امن کی میٹنگز اس لئے ہوتی ہیں کی عزاداری کے پروگراموں کو بہتر انداز میں برگزار کرنے کے لئے بہتر انتظامات کئے جائیں اس سلسلے میں ہم ہر قسم کا تعاون پہلے بھی کرتے ہیں اورآئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ہم نے اپنےمسلسل کوششوں سے ملک میں قربانیاں دیکر اتحاد و وحدت کی فضا کو برقرار رکھا ہے ۔
انہوں نے بیان کیا : ملکی استحکام اوروطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے سب مسالک کے علما آپس میں ہمیشہ متحدو متفق ہین راولپنڈی ہمیشہ امن کا گہوارہ رہا ہے چند سال پہلے جو تعلیم القرآن کا سانحہ رونما ہوا وہ بھی اب واضح ہو چکا ہے کہ بڑی سازش تھی اس میں اب انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بے گناہ لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔
لائسنسی اور روائتی جلوس اور چار دیواری کے اندر مجالس پر کوئی قدغن قابل قبول نہیں ہے،عوام کے آئینی و قانونی حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/