‫‫کیٹیگری‬ :
20 October 2017 - 21:53
News ID: 430452
فونت
حجت الاسلام عارف حسین واحدی :
شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لئے کوئٹہ تفتان کا زمینی راستہ سب سے موزوں راستہ ہے لیکن عوام کو ایک منصوبہ بندی کے تحت پریشان کیا جاتاہے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام  عارف حسین واحدی نے کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر ہزاروں زائرین کی آمد ورفت معطل کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت وانتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر ایک منصوبہ بندی کے تحت زائرین کو آمدورفت کی سفری سہولیات میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں تاکہ زائرین کوکربلا جانے سے روکا جائے ۔

حجت الاسلام عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت تسلسل کے ساتھ زائرین کو تنگ کرنے کے منفی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سفری دستاویزات رکھنے والے زائرین کو ایران داخلے سے روکنا ، عملی طور پر قید کردینا اور زیارات سے واپس آنے والوں کو کوئٹہ جانے سے روکنا قابل مذمت فعل ہے۔

ان کا کہنا تھا کئی کئی روز زائرین کو کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر سیکورٹی کے نام پر روکا جاتا ہے ۔ بار بار توجہ مبذول کرانے کے باوجود زائرین کے مسئلہ پرکوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا جا رہا، ہر چند روز بعد ہزاروں زائرین کو کسی نہ کسی بہانے سے روک لیا جاتاہے، تفتان میں ٹھہرنے کی جگہ نہ اشیائے ضروریہ و علاج و معالجے کی سہولیات میسر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لئے کوئٹہ تفتان کا زمینی راستہ سب سے موزوں راستہ ہے لیکن عوام کو ایک منصوبہ بندی کے تحت پریشان کیا جاتاہے ،تفتان میں قائم پاکستان ہاﺅس میں کم افراد کی رہائش کی گنجائش ہے لیکن وہاں 3ہزار او ربعض اوقات اس سے بھی زیادہ افراد کو بھیڑ بکریاں سمجھ کر کئی روز تک محصور کردیا جاتاہے۔ جس سے ایک جانب سیکورٹی کی صورتحال درپیش ہوتی ہے تو دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں، موسم کی سختی کی وجہ سے طرح طرح کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔

ہم بارہا مرتبہ اس جانب توجہ مبذول کراچکے ہیں اور اوپر سے نیچے تک ہرسطح پر رابطے کئے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی یہ مسئلہ دن بدن زور پکڑتا جارہاہے ، عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ زائرین کی توہین ناقابل برداشت ہے،حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھائے، ہمیں اس سلسلے میں لائحہ عمل دینے پر مجبور نہ کیا جائے۔جو لوگ نجف اشرف، کربلا معلی اور مشہد مقدس جانے کے لئے کوئٹہ اور آنے والے بارڈر پر روکے گئے ہیں انہیں فی الفور اپنی منزل کی طرف آمد ورفت کی اجازت دی جائے اور کانوائے تشکیل دئےے جائیں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬