رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول (ص) کی نافرمانیوں اور ناموس رسالت (ص) کے خلاف اقدامات کے باعث رب کی طرف سے نواز شریف کو سزائیں دی جا رہی ہیں، یہ دوسری نااہلی اسی کا ایک تسلسل ہے۔
انہوں نے بیان کیا کہ افسوس یہ ہے کہ اس کے باوجود نواز شریف اپنی اصلاح کرنے اور دین کے خلاف اپنی روش کو تبدیل کرنے کے لئے تیار نہیں، پہلے ختم نبوت کے قانون میں خاموشی سے ترامیم کی اور رانا ثناء اللہ نے کھلے عام اس قانون کی توہین کی، لیکن افسوس اس کا تدارک کرنے کے بجائے تحفظ ناموس رسالت (ص) کے قانون میں مزید ترمیم کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ توہین رسالت (ص) کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر بھی توہین رسالت والی سزا دی جائے گی، نواز شریف کی حکومت اس قسم کے اقدامات کرکے اللہ کے غضب اور اس کی ناراضگی کو ختم کرنے کے بجائے مزید اس کو بڑھا رہے ہیں، جس کے باعث ان کی ذلتیں اور تباہیاں ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھیں گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/