‫‫کیٹیگری‬ :
31 May 2018 - 10:37
News ID: 436107
فونت
حضرت امام حسن(ع) کی ولادت با سعادت پندرہ رمضان تین ہجری کی رات مدینہ منورہ میں ہوئی۔
حضرت امام حسن

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امام حسن علیہ السلام کی روز ولادت کی مناسبت کے حوالے سے حضرت علیہ السلام کی حیات طیبہ کے چند پہلووں پہ روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

حضرت امام حسن علیہ السلام

نام مبارک: حسن (ع) والد: امام علی بن ابی طالب(ع) والدہ: حضرت فاطمہ زہراء(س)

حضرت امام حسن(ع) رسول اکرم(ص) کے پہلے نواسے، آئمہ اطہار علیھم السلام میں سے دوسرے امام برحق، چہاردہ معصومین علیھم السلام پر مشتمل سلسلہ عصمت و طہارت کی چوتھی کڑی، اصحاب کساء(پنجتن پاک) کے چوتھے فرد اور جنت کے جوانوں کے سردار ہیں۔

ولادت با سعادت: حضرت امام حسن(ع) کی ولادت با سعادت پندرہ رمضان تین ہجری کی رات مدینہ منورہ میں ہوئی۔ رسول خدا(ص) نے آپ کا نام حسن رکھا۔آپ وہ پہلے فرد ہیں کہ جن کا نام حسن رکھا گیا۔

ازواج: حضرت امام حسن(ع) نے جن خواتین سے شادی کی ان میں بعض کے نام یہ ہیں:

جناب خولہ بنت غزاریہ، جناب ام اسحاق بنت طلحہ، جناب ام بشیر انصاریہ اور جعدہ بنت اشعث کہ جس نے امام حسن(ع) کو زہر دے کر شہید کیا۔

اولاد: امام حسن(ع) کی اولاد کی تعداد پندرہ ہے کہ جن کے نام درج ذیل ہیں:

زید،  ام الحسن،  ام الحسین۔ ان تینون کی والدہ جناب ام بشير بنت ابو مسعود عقبہ ہیں ، حسن۔ ان کی والدہ جناب خولہ فزاریہ ہیں، عمر،  قاسم، عبد اللہ۔ ان کی والدہ ام ولد(کنیز) ہیں، حسین(اثرم)، طلحہ، فاطمہ۔ ان کی والدہ ام اسحاق بنت طلحہ ہیں۔

ام عبد اللہ،  ام سلمہ،  رقیہ،فاطمہ۔ مختلف ماؤں کی بیٹیاں ہیں ، عبد الرحمن بن امام حسن ان کی والدہ ام ولد(کنیز) ہیں۔

امام حسن علیہ السلام کی اولاد میں سے صرف زید اور حسن سے نسل کا سلسلہ آگے بڑھا۔

خلافت: حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے بعد لوگوں نے امام حسن علیہ السلام کو اپنا خلیفہ نامزد کیا اور ان کی بیعت کی، بیعت کے وقت آپ کی عمر37 سال تھی۔

آپ چھ مہینے اور تین دن تک ظاہری مسند خلافت پر بیٹھے اور اس کے بعد امام حسن علیہ السلام اور معاویہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں طے ہونے والی شرائط کے تحت امام حسن علیہ السلام نے خلافت چھوڑی کیونکہ آپ کو معلوم ہو گیا تھا کہ بہت سے قبائل کے سرداروں نے معاویہ کو خفیہ خط لکھا ہے اور اس میں معاویہ سے وعدہ کیا ہے کہ جونہی دونوں لشکر قریب آئیں گے وہ سب امام حسن علیہ السلام کو قید کر کے معاویہ کے سامنے پیش کر دیں گے لہٰذا ایسے قبائل اور لوگوں کے ساتھ مل کر معاویہ سے جنگ کرنا معقول نہیں تھا۔

شہادت: معاویہ نے امام حسن علیہ السلام کی زوجہ جعدہ بنت اشعث کو ایک لاکھ درھم اور یزید سے شادی کی لالچ دے کر امام حسن علیہ السلام کو زہر سے شہید کروا دیا۔ جعدہ بنت اشعث کے زہر دینے کے بعد حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے7 صفر اور بعض روایات کے مطابق 28 صفر 50 ہجری میں جام شہادت نوش کیا۔

معاویہ نے جعدہ بنت اشعث کو ایک لاکھ درھم تو دے دئیے لیکن یزید سے یہ کہہ کر شادی سے انکار کر دیا کہ جو تم نے رسول خدا(ص) کے بیٹے سے کیا ہے وہی کچھ تم میرے بیٹے سے بھی کر سکتی ہو۔(کتاب الاستیعاب مؤلف ابن عبد البر،تذکرۃ الخواص مؤلف ابن الجوزی،طبقات مؤلف ابن سعد)

شہادت کے وقت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی عمر 47 سال تھی امام حسن علیہ السلام نے اپنی زندگی کے7سال اور چند مہینے اپنے نانا رسول خدا(ص) کے زیر سایہ گزارے اور 37 سال تک اپنے بابا کے ہمرکاب رہےاور باقی 10سال امام حسین علیہ السلام کے ساتھ رہے۔

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: إن الأشعث بن قيس شرك في دم أمير المؤمنين، وابنته جعدة سمت الحسن، وابنه محمد شرك في دم الحسين

یعنی:اشعث بن قیس حضرت امیر المومنین (ع) کے شہید کرنے میں برابر کا شریک تھا، اس کی بیٹی جعدہ نے امام حسن (ع) کو زہر دیااور اس کے بیٹے محمد بن اشعث نے امام حسین (ع) کا خون کرنے میں شرکت کی۔

جرمن تاریخ دان یولیوس ولهاوزن(Julius Wellhausen) نے اپنی کتاب الخوارج و الشیعہ صفحہ12 طبع 1958ء میں ایک دوسرے انگریز مؤرخ دوزی سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اشعث دلی طور پر مشرک ہی رہا اور امام علی علیہ السلام سے خیانت کے ذریعے اس نے اسلام سے انتقام لینے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلہ میں اشعث کے پاس اپنا دفاع کرنے کے لئے ان لوگوں کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے کہ جو مرتد ہو گئے تھے کیونکہ اشعث بھی ان لوگوں میں شامل تھا کہ جنہوں نے رسول خدا(ص) کے اس دنیا سے جانے کے بعد اسلام سے بغاوت اور ارتداد کو اختیار کیا لیکن اس کے باوجود بھی بخاری اور مسلم اس سے احادیث کو نقل کرتے ہیں اور اس کی نقل کردہ احادیث کو صحیح تسلیم کرتے ہیں۔

حضرت امیر المومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کی شہادت کے بعد حضرت امام حسن علیہ السلام نے اگلے روز لوگوں سے خطاب کیا اور اللہ کی حمد و ثناء اور اپنے نانا رسول خدا(ص) پہ درود و سلام کے بعد فرمایا:

آج کی رات ایسے شخص کی روح قبض کی گئی ہے کہ جس کی بلند منزلت تک نہ گزشتہ میں سے کوئی پہنچ سکا اور نہ ہی آنے والے زمانے میں کوئی اسے درک کر سکے گا، وہ رسول خدا(ص)کے ساتھ مل کر جہاد کرتے تھے اور خود سامنے آ کر رسول خدا(ص) کی حفاظت کرتے تھے، رسول خدا(ص) انھیں اپنا عَلَمْ دے کر جنگ کے لئےروانہ کرتے تھے تو ان کے دائیں طرف جبرائیل اور بائیں میکائیل آجاتے تھے اور وہ اس وقت ہی لوٹتے تھے کہ جب اللہ ان کے ہاتھ میں فتح و نصرت عطا کردیتا تھا۔

یہ وہی رات ہے کہ جس میں حضرت عیسیٰ بن مریم (ع) کو آسمان کی طرف اٹھا لیا گیا، حضرت یوشع بن نون (ع) کی روح قبض کی گئی، امیر المومنین (ع) نے اپنے اس دنیا سے جانے کے بعد 700 درہم کے علاوہ کوئی دینار و درہم نہیں چھوڑا اور یہ بھی بیت المال سے ملنے والے ان کے حصہ کی بچت ہے اور وہ ان دراہم سے خادم کے حصول کا ارادہ رکھتے تھے۔

حضرت امام حسن علیہ السلام نے اس کے بعد فرمایا: میں بشارت دینے والے اور ڈرانے والے کا بیٹا ہوں، میں خدا کے حکم سے خدا کی طرف دعوت دینے والے کا فرزند ہوں، میں سراج منیر(چمکتے ہوئے چراغ) کا بیٹا ہوں، میں ان کی اولاد ہوں کہ جن سے اللہ نے پلیدگی کو دور کر دیااور انھیں اس طرح سے پاک کر دیا کہ جیسے پاک کرنے کا حق ہے، میرا تعلق اس اہل بیت سے ہے کہ جن کی مودّت اور اطاعت کو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں واجب قرار دیتے ہوئےفرمایا ہے کہ قُل لَّا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَى وَمَن يَقْتَرِفْ حَسَنَةً نَّزِدْ لَهُ فِيهَا حُسْنًا۔ سورۃ شورى آیت23۔ کہہ دیجئے: میں اس (تبلیغ رسالت) پر تم سے کوئی اجرت نہیں مانگتا سوائے قریب ترین رشتہ داروں کی محبت کے اور جو کوئی نیکی کمائے ہم اس کے لیے اس نیکی میں اچھا اضافہ کرتے ہیں۔ اس آیت میں نیکی (حَسَنَةً) سے مراد ہماری محبت و مودت ہے۔/۹۸۹/ف۹۷۹/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬